نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر کو غیر قانونی قرار‘گرانے کا حکم

اسلام آباد:(لیڈرنیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے راول جھیل کے کنارے نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے گرانے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے نیوی سیلنگ کلب کو تین ہفتوں میں گرانے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں لکھا کہ پاک فوج کی اہم حیثیت ہے جو آئین میں لازمی ہے، بحریہ کے پاس رئیل اسٹیٹ وینچر کرنے کا اختیار نہیں، ادارے کا نام رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اپنے فیصلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نےیہ بھی لکھا کہ نیوی کو این او سی جاری کرنے کا اختیار اتھارٹی کے پاس نہیں۔عدالت نے لکھا کہ غیر قانونی عمارت کا افتتاح کرکے سابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے آئین کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا غیر قانونی عمارت میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈمرل (ر) ظفر محمود عباسی اور دیگر حکام کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آڈیٹر جنرل کو نیول فارمز کا آڈٹ کرنے اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی۔


#Islamabad High Court has declared illegal the construction of Navy Sailing Club