پی ڈی ایم جیسے اتحادحکومت کو بلیک میل کرنے کیلئے بنتے ہیں‘وزیراعظم

نوشہرہ:وزیر اعظم نے کہا ہے کہ طاقتور قانون کے نیچے نہیں آنا چاہتے ، شوگر مافیا قانون کے ماتحت نہیں آنا چاہتا ، شوگر مافیا مہنگی چینی بیچتا ہے ، ٹیکس نہیں دیتا ، کمزور اور طاقتور کیلئے ایک ہی قانون ہونا چاہئے ۔ نوشہرہ میں جلوزئی ہاو¿سنگ اسکیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس منصوبے سے کم آمدنی والے افراد کو اپنا ایک مکان مہیا ہوگا ، انہوں نے مزید کہا کہ ایسا معاشرہ جو غریبوں کی دیکھ بھال نہیں کرتا ہےترقی نہیں کرتا۔ کسی بھی معاشرے کی پہچان امیر لوگوں کے طرز زندگی پر مبنی نہیں ہے ، کمزور طبقات کی ضروریات کو پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ہم نے پورے ملک میں نیا پاکستان ہاو¿سنگ منصوبہ کا آغاز کیا۔ ہم نے سرکاری زمین پر سستے مکانات بنانے کی پوری کوشش کی۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی کا مطلب طاقتوروں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے ، طاقتور قانون کے تابع نہیں ہونا چاہتے ، شوگر مافیا قانون کے تابع نہیں ہونا چاہتا ، حتی کہ شوگر مافیا یہ بھی سمجھتا ہے کہ ہم خصوصی لوگ ہیں وہ پی ڈی ایم جیسے اتحاد تشکیل دیتا ہے ، وہ اتحاد تشکیل دے کر حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، ان کا واحد مقصد یہ ہے کہ ہمیں قانون کے ماتحت نہ رکھیں۔