پنجاب‘وفاقی حکومت جہانگیر ترین کی جیب میں ہے‘راناثناءاللہ

لاہور:مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز جہانگیر ترین کے ساتھ جو ایم این اے اور ایم پی اے تھے ، پنجاب حکومت ان کی دائیں جیب میں ہے اور وفاقی حکومت ان کی بائیں جیب میں ہے ، انہیں حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے جہاز اڑانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءنے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جہانگیر ترین کہہ رہے ہیں کہ مجھ پر ظلم ہو رہا ہے ، جہانگیر ترین نے مسلم لیگ ن کے خلاف کارروائی پر کبھی نہیں کہا کہ ظلم ہو رہا ہے ، جہانگیر ترین نے ہم سے رابطہ کیا تو پارٹی پالیسی کے مطابق فیصلہ کریں گے، اپوزیشن حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، پی ڈی ایم ووٹ کی عزت کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ، پی ڈی ایم سربراہ اجلاس میں ایک ایجنڈا طے کیا جائے گا۔مسلم لیگ ن کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شریف خاندان کے کاروبار کو جرم کی حیثیت سے پیش کیا گیا اور شریف خاندان نے لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ توقع کی جارہی ہے کہ ڈسکہ کا انتخاب صاف اور شفاف ہوگا اور مسلم لیگ (ن) واضح اکثریت سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔