BOR اور PLRA کے غلط اقدامات، سرکاری خزانے کو نقصان، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا بھی خطرہ
لاہور (میاں ذیشان) بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے سب رجسٹرار کے اختیارات مختلف کیڈرز اور نجی ہاﺅسنگ سکیموں کے نامزد نمائندوں کو تفویض کرنے کی پالیسی نے جائیدادوں کی رجسٹریشن، سرکاری محصولات کے تحفظ اور قانونی دستاویزات کی تصدیق کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے۔ مکمل دفتری عملے، ٹیکسوں کی جانچ پڑتال اور عدالتی حکم امتناعی کا ریکارڈ رکھنے والے باقاعدہ سب رجسٹرار دفاتر کے متبادل کے طور پر مختلف انتظامی عہدوں اور نجی نمائندوں کو اختیارات دینے سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ نائب تحصیلداروں، تحصیلداروں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور نجی ہاﺅسنگ سکیموں کے نمائندوں کو اختیارات تفویض کرنے کے باوجود ان کیلئے یکساں انتظامی، تکنیکی اور قانونی معاونت کا موثر نظام واضح نہ ہونے سے سرکاری خزانے کو محصولات کے نقصان اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ ریونیو نظام میں سہولت اور ڈیجیٹلائزیشن کے نام پر اختیارات کی اس تقسیم کے دوران ضروری قانونی حفاظتی اقدامات، نگرانی اور جوابدہی کا مﺅثر طریقہ کار یقینی بنانا بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کیلئے بڑا امتحان بن گیا ہے۔ اہم قانونی، انتظامی اور مالیاتی تحفظات کے حوالے سے متعلقہ حکام کا موقف جاننے کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، ترجمان بورڈ آف ریونیو امجد کلیار اور ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی علی رضا بٹر سے رابطہ کیا گیا تاہم متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے تاحال نہ تو پالیسی کے قانونی و انتظامی پہلوﺅں پر کوئی وضاحت سامنے آئی اور نہ ہی خبر میں بیان کئے گئے تحفظات کے جواب میں کوئی باضابطہ موقف موصول ہوا۔تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے جائیدادوں کی رجسٹریشن اور ملکیت کی منتقلی کے نظام میں تبدیلیوں کے تحت نجی ہاﺅسنگ سکیموں کے نامزد نمائندوں سمیت نائب تحصیلداروں، تحصیلداروں اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کیے گئے ہیں، جنہیں اپنے مقررہ دائرہ اختیار اور تفویض کردہ حدود و قیود کے مطابق اختیارات استعمال کرنے کی اجازت ہو گی، تاہم اس پالیسی کے نتیجے میں رجسٹریشن کے موجودہ نظام میں پیدا ہونے والے انتظامی اور قانونی خلا پر تاحال اہم سوالات موجود ہیں۔ روایتی طور پر تحصیل یا ٹاﺅن کی سطح پر قائم سب رجسٹرار کے دفاتر میں باقاعدہ عملہ تعینات ہوتا ہے جو جائیداد کی رجسٹریشن کیلئے پیش کی جانے والی دستاویزات کی جانچ پڑتال، ڈی سی ویلیوایشن ٹیبل اور وفاقی بورڈ آف ریونیو کی مقرر کردہ ویلیوایشن کے مطابق جائیداد کی اصل قابل ٹیکس مالیت کا تعین کرنے اور اس کے مطابق صوبائی و وفاقی ٹیکسوں کا جائزہ لینے کی ذمہ داریاں انجام دیتا ہے، جبکہ دستاویزات میں جائیداد کی مالیت کم ظاہر کرنے یا سرکاری محصولات کی ادائیگی میں کمی کی نشاندہی ہونے پر قانون کے مطابق واجب الادا ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی وصولی یقینی بنانے کا طریقہ کار بھی موجود ہے۔ اسی طرح کسی جائیداد کے حوالے سے سول عدالت، سیشن کورٹ یا کسی دیگر مجاز عدالت کی جانب سے حکم امتناعی جاری کیے جانے کی صورت میں متعلقہ سب رجسٹرار آفس میں اس کا اندراج اور ریکارڈ محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ عدالتی پابندی کے باوجود جائیداد کی فروخت، منتقلی یا رجسٹریشن کے ذریعے کسی فریق کے حقوق متاثر نہ ہوں۔ تاہم نائب تحصیلداروں، تحصیلداروں، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز اور نجی ہاﺅسنگ سکیموں کے نامزد نمائندوں کو سب رجسٹرار کے اختیارات تفویض کرتے وقت اس امر کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ان تمام دفاتر اور نمائندوں کے پاس بھی ٹیکسوں کی درست جانچ پڑتال، جائیداد کی سرکاری مالیت کے تعین، عدالتی حکم امتناعی کی تصدیق اور زیر سماعت مقدمات کا ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے مکمل عملہ، متعلقہ دستاویزی ریکارڈ اور باہم مربوط ڈیجیٹل نظام موجود ہو۔ بصورت دیگر خدشہ ہے کہ کسی جائیداد کے متعلق عدالت کی جانب سے حکم امتناعی جاری ہونے کے باوجود اس کا ریکارڈ متعلقہ نئے سب رجسٹرار یا نجی ہاﺅسنگ سکیم کے نمائندے کو دستیاب نہ ہونے کی صورت میں ایسی جائیداد کی رجسٹری یا منتقلی کی دستاویزات بھی تصدیق ہو سکتی ہیں جن پر عدالت نے قانونی پابندی عائد کر رکھی ہو، جس سے نہ صرف عدالتی احکامات کی ممکنہ خلاف ورزی بلکہ خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان سنگین قانونی تنازعات جنم لے سکتے ہیں۔ جبکہ نجی ہاﺅسنگ سکیموں کے نامزد نمائندوں کو رجسٹریشن کے اختیارات دینے کے معاملے میں مفادات کے ٹکراﺅ کا پہلو بھی خصوصی توجہ کا متقاضی ہے، کیونکہ ہاﺅسنگ سکیم کا نمائندہ اسی ادارے سے وابستہ ہوتا ہے جس کی جائیدادوں کی خرید و فروخت اور منتقلی کا عمل اس کے ذریعے انجام پائے گا، لہٰذا اس نظام میں غیر جانبدارانہ نگرانی، ٹیکسوں کی آزادانہ جانچ پڑتال اور قانونی ذمہ داریوں کا واضح تعین ناگزیر ہے۔ بورڈ آف ریونیو اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے اختیارات کی اس تقسیم کے باوجود یہ وضاحت سامنے آنا ضروری ہے کہ نئے سب رجسٹرارز کیلئے کتنے تربیت یافتہ اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، عدالتی حکم امتناعی اور زیر التوا مقدمات کا ریکارڈ کس ادارے سے حاصل کیا جائے گا، سرکاری محصولات میں کمی کی صورت میں ذمہ داری کس افسر یا نمائندے پر عائد ہوگی اور کسی غیر قانونی رجسٹری یا جائیداد کی غلط منتقلی کی صورت میں متعلقہ نجی نمائندے کے خلاف کس قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریونیو ماہرین کے نزدیک رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور جدید بنانے کیلئے اختیارات کی منتقلی کے ساتھ یکساں نگرانی، قانونی تحفظ، مکمل ریکارڈ تک رسائی اور جوابدہی کا نظام بنیادی اہمیت رکھتا ہے، بصورت دیگر سہولت کاری کے نام پر متعارف کروائی گئی پالیسی شہریوں کے جائیداد سے متعلق حقوق، عدالتی احکامات اور سرکاری محصولات کے تحفظ کیلئے نئے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔خبر میں اٹھائے گئے اہم قانونی، انتظامی اور مالیاتی تحفظات کے حوالے سے متعلقہ حکام کا مﺅقف جاننے کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، ترجمان بورڈ آف ریونیو امجد کلیار اور ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی علی رضا بٹر سے رابطہ کیا گیا اور انہیں پالیسی کے تحت اختیارات کی مبینہ منتقلی، نجی ہاﺅسنگ سکیموں کے نامزد نمائندوں سمیت مختلف افسران کو رجسٹریشن کے اختیارات دینے، جائیدادوں کی سرکاری قیمتوں کے تعین، واجب الادا ٹیکسوں کی وصولی اور عدالتی حکم امتناعی کے باوجود ممکنہ طور پر جائیدادوں کی منتقلی جیسے اہم سوالات پر وضاحت پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا، تاہم متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے تاحال نہ تو پالیسی کے قانونی و انتظامی پہلوﺅں پر کوئی وضاحت سامنے آئی اور نہ ہی خبر میں بیان کئے گئے تحفظات کے جواب میں کوئی باضابطہ مﺅقف موصول ہوا۔ یہ معاملہ براہِ راست شہریوں کے جائیدادوں سے متعلق حقوق، سرکاری محصولات کے تحفظ اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے وابستہ ہے، اسلئے متعلقہ اداروں کی جانب سے ان سوالات کا جواب دینا اور پالیسی کے طریقہ کار، نگرانی کے نظام اور قانونی تحفظات کو واضح کرنا نہایت ضروری ہے۔ اگر بورڈ آف ریونیو یا پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کوئی ذمہ دار افسر یا ترجمان اس معاملے پر اپنا مﺅقف، وضاحت یا خبر میں اٹھائے گئے نکات کے حوالے سے کوئی اضافی معلومات پیش کرنا چاہیں تو روزنامہ مشرق لاہور انہیں اپنا مﺅقف دینے کا مکمل موقع فراہم کریگا اور موصول ہونے والی وضاحت یا موقف کو ادارتی پالیسی کے مطابق من و عن شائع کیا جائیگا۔



















