لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن ”محفوظ پنجاب “کے تحت صوبائی حکومت سول ڈیفنس ریزیلینس کور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید فعال بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت سول ڈیفنس ریزیلینس کور سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، ایڈیشنل سیکرٹری ڈیفنس پلاننگ عظمی سلیم، ڈائریکٹر سول ڈیفنس ضیغم نواز اور صوبہ بھر کے سی ڈی اوز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ پنجاب نے 28سول ڈیفنس افسران میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، جبکہ چار چیف انسٹرکٹرز کو سول ڈیفنس افسران کے عہدوں پر ترقی ملنے پر نئے عہدوں کے رینک لگائے گئے۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر شفقت علی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے افسران کی اپ گریڈیشن، جدید آلات کی فراہمی اور تربیتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور محفوظ، باصلاحیت اور ذمہ دار پنجاب کی جانب ایک قدم ہے، حکومت پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے، سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے 50کروڑ کی لاگت سے آلات خریدے گئے، جدید ایئر لفٹ ڈرون دشوار گزار مقامات پر مصیبت میں پھنسے انسانوں کو ریسکیو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سول ڈیفنس کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کر رہے ہیں، ہر ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس ضلعی انتظامیہ کا ہراول دستہ ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ امن اور جنگ کے دنوں میں سول ڈیفنس کی اہمیت یکساں ہے، پنجاب سول ڈیفنس کی وردی عوامی خدمت، ذمہ داری اور فرض شناسی کی علامت ہے، شہری اپنی صلاحیت کے مطابق سول ڈیفنس میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تقریباً 4لاکھ شہریوں نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے، رضاکاروں کو قدرتی آفت، حادثات یا بیماری کی صورت میں انسانی جان بچانے کیلئے تربیت دی جا رہی ہے، شہری بطور رضاکار سول ڈیفنس کا حصہ بننے کیلئے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر رجسٹریشن کروائیں۔
پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں: احمد جاوید قاضی



















