لاہور (اپنے رپورٹر سے) غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاءکی مہم کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی ونگ کی کارروائیاں جاری ہیں، اب تک ملک بھر سے مجموعی طور پر 28لاکھ 7ہزار 250جبکہ پنجاب سے ایک لاکھ 43ہزار 474غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق حکومت پاکستان کی واضح پالیسی کے تحت قابل قبول ویزا کے بغیر افغان شہریوں کا پاکستان میں قیام غیر قانونی ہے۔ ایسے افراد کو گرفتار کرکے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے، جہاں ان کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے جاتے ہیں۔ اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 28لاکھ 7ہزار 250افغان باشندے وطن واپس بھجوائے گئے،پنجاب سے 1لاکھ 43ہزار 474غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا ۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب میں اس وقت 39ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں جن میں 153افغان شہری موجود ہیں ، ہولڈنگ سینٹرز میں غیر قانونی افغان باشندوں کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں ، غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔ کریک ڈاﺅن کے دوران صوبہ بھر میں رہائشی علاقوں اور مارکیٹس میں 4لاکھ سے زائد سرچ آپریشن کیے گئے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والے 803 افراد کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوا، اعداد و شمار حکومت پنجاب کی موثر حکمت عملی اور فعال انتظامی اقدامات کے عکاس ہیں،افغان شہریوں کی واپسی کے قومی مشن میں تمام پاکستانیوں کا تعاون درکار ہے۔افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع ایمرجنسی 15پر دیں، 15پر اطلاع دینے والوں کی شناخت صیغہ راز میں رکھی جاتی ہے۔واضح رہے کہ کارروائی صرف غیر قانونی طور پر مقیم باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہے ۔محکمہ داخلہ پنجاب کا فارن نیشنل سکیورٹی ونگ صوبہ بھر میں مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن کر رہا ہے۔
غیرقانونی افغان باشندوں کا انخلا، پنجاب سے ایک لاکھ 43 ہزار 474 کو وطن واپس بھجوا دیا گیا



















