ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج میں نئی تعمیر ہونے والی کیمبرج کیمپس کی عمارت کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، پرنسپل ڈی پی ایس سکول اکبر علی، وائس پرنسپل مومنہ ایزد، بورڈ ممبران اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور جاری رینوویشن کے باقی ماندہ کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کیمریج کیمپس کو فعال کرنے اور تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز پر بھی زور دیا۔ بلڈنگ کی تکمیل پر کنٹریکٹر کی جانب سے مٹھائی تقسیم کی گئی اور خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔ اس موقع پر کنٹریکٹر نے تکمیل منصوبہ کے بعد بلڈنگ کی چابی باقاعدہ طور پر سکول انتظامیہ کے حوالے کر دی، جسے ادارے کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔ بعد ازاں کمشنر نے ڈی پی ایس کے سیکشن ہیڈز سے ملاقات کی اور تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی پی ایس کا تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور کھیلوں کا نظام قابل فخر ہے تاہم اسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی بہتری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پرنسپل اور سیکشن ہیڈز نے کمشنر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ مزید محنت اور لگن کے ساتھ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے۔ کمشنر نے اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اسی جذبے سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے فریدیہ پارک میں زیر زمین واٹر ٹینک اور پاکپتن روڈ سے ملحقہ علاقوں میں 36 انچ سیوریج پائپ لائن کی تنصیب کے کام کا معائنہ کیا۔جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ڈائریکٹر واسا علی اکبر زاہد نے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کام کی رفتار اور معیار سے آگاہ کیا۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والا میٹریل اعلیٰ معیار کا ہونا چاہیے اور کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کام کے دوران سیفٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، خصوصاً سیفٹی لائن اور ورکرز کیلئے سیفٹی بیلٹس کا استعمال لازمی قرار دیا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ تمام کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندرمکمل ہو سکیں اور شہریوں کو سیوریج جیسے مسائل سے جلد از جلد نجات ملے۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی پی ایس کا تعلیمی معیار، نظم و ضبط ، کھیلوں کا نظام قابل فخر ہے : کمشنر ساہیوال



















