لاہور (قاضی ندیم اقبال) پنجاب میں سرکاری اداروں اور ملازمین کی استعداد کار میں بہتری کو حکومت نے اپنی اوّلین ترجیح قرار دیتے ہوئے نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔ اسی سلسلے میں محکمہ اوقاف حکام نے ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے دو ایسے منیجرز شفقت عباس اور زاہد اقبال کے معاملے پر کارروائی کی ہے جو اس وقت پیڈا ایکٹ کے تحت زیر انکوائری ہیں تاہم انکے نام منسٹریل کوٹہ کے تحت پی ایم ایس میں سلیکشن کیلئے بھی زیر غور آئے تھے۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف عظیم حیات نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ افسران کے خلاف جاری انکوائریاں ابھی تک حتمی مراحل میں داخل نہیں ہوئیں، لہٰذا انکی سلیکشن کے عمل کو فی الحال روک دیا جائے۔ ذرائع کے مطابق پی پی ایس سی کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جب تک انکوائریاں مکمل نہیں ہوتیں اور الزامات کی نوعیت کا حتمی تعین نہیں ہو جاتا، اس وقت تک کسی بھی قسم کا حتمی فیصلہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری اداروں میں میرٹ، شفافیت اور احتساب کے اصولوں کو سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ اسی پالیسی کے تحت ایسے افسران جن کے خلاف کسی بھی نوعیت کی محکمانہ کارروائی جاری ہو، انہیں ترقی یا نئی تعیناتی کے عمل میں شامل کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے تاکہ ادارہ جاتی ساکھ متاثر نہ ہو۔ذرائع نے بتایا کہ زیر بحث دونوں منیجرز شفقت عباس اور زاہد اقبال کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت مختلف الزامات پر انکوائریاں جاری ہیں جن میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، اختیارات سے تجاوز، مس کنڈکٹ اور ناہلی جیسے معاملات شامل ہیں جبکہ ان پر محکمانہ ساکھ اور محکمانہ آمدن میں کمی کا سبب بننے کے بھی الزامات موجود ہیںجن کی انکوائری کی جا رہی ہے۔ ان انکوائریوں کی نگرانی سینئر افسران کر رہے ہیں اور جلد ان کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پی پی ایس سی حکام نے بھی اس مراسلے کا نوٹس لیتے ہوئے اوقاف حکام یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ محکمہ اوقاف کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی قسم کے حتمی نتائج جاری کرنے سے گریز کریں گے جب تک کہ متعلقہ افسران کے خلاف جاری انکوائریوں کا فیصلہ سامنے نہیں آ جاتا۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے اس معاملے کو قانونی اور انتظامی پہلووں سے بھی جانچنا شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ پیچیدگی سے بچا جا سکے۔ محکمہ اوقاف کے ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ یہ اقدام سرکاری اداروں میں احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک مثبت پیشرفت ہے کیونکہ ماضی میں ایسے واقعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں زیر انکوائری افسران اور ملازمین کو انکوائری پر اثر انداز ہوئے بغیر، اہم عہدوں پر تعینات کر دیا جاتا تھا، جس سے نہ صرف محکمہ اوقاف کی کارکردگی متاثر ہوتی رہی بلکہ عوامی اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچی۔ ذرائع کے مطابق موجودہ اقدامات کا مقصد نہ صرف بدعنوانی کی روک تھام ہے بلکہ ایک ایسا نظام وضع کرنا بھی ہے جس میں صرف اہل اور دیانتدار افسران کو آگے بڑھنے کا موقع ملے۔ اس حوالے سے ایوان وزیراعلیٰ کی جانب سے تمام محکموں کو پہلے ہی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ اپنے اندرونی احتسابی نظام کو مزید موثر بنائیں اور کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ دریں اثناءمحکمہ اوقاف پنجاب کے ملازمین اور افسروں کی اکثریت نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسی طرح شفافیت کو فروغ دیا جاتا رہا تو سرکاری اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انکوائریوں کے عمل کو بھی تیز اور غیر جانبدار بنایا جائے تاکہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر نہ ہو۔ ملازمین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات یقینی بنائے جائیں کہ محکمہ اوقاف سمیت تمام سرکاری اداروں میں اصلاحات کا عمل بلا تعطل جاری رہے اور کسی بھی دباو¿ یا مصلحت کو خاطر میں لائے بغیر میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔ اس ضمن میں ”مشرق“ کے رابطہ پر اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر محکمہ اوقاف کے ایک ذمہ دار نے واضح کیا کہ زیر انکوائری افسران کے کیسوں کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا تاکہ نہ صرف انصاف ہو بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے۔ اس حوالے سے ایوان وزیراعلیٰ بھی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کر رہا ہے۔
محکمہ اوقاف افسران کی انکوائری مکمل ہونے تک سلیکشن روکنے کی سفارش



















