لاہور :(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ” ارتھ آور“ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے پنجاب بھر میں رات 8.30سے 9.30تک روشنیاں گل کی جائیں گی،عوام ارتھ آور منائیں، نئی نسل کو محفوظ و صاف ماحول فراہم کرنے کےلئے اجتماعی کاوش ناگزیر ہے۔
مریم نواز نے کہا ارتھ آور مہم کا مقصد توانائی کے محفوظ استعمال کا عوامی شعور بیدار کرنا ہے، ماحول کو ترجیحات میں شامل کرنے کےلئے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں،عوام توانائی بچت کی مہم میں بڑھ چڑھ کر شامل ہوں، نوجوان بھی دنیا بھر میں توانائی کے تحفظ کی مہم کا حصہ بنیں، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب صوبے بھر میں ارتھ آور مہم کی مانیٹرنگ کریں گی،مہم میں اشتراک کار کےلئے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا۔
دریں اثناتھیٹر کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا پنجاب میں تھیٹرکے فنکاروں کی حوصلہ افزائی و ثقافتی تبادلے کو فروغ دیا جارہا ،حکومت تھیٹر کی بحالی ، فنکاروں کی فلاح و بہبوداور مالی تحفظ فراہم کررہی ہے۔
مریم نواز نے تمام تھیٹر آرٹسٹوں ، شائقین کو تھیٹر کے عالمی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہامستحق ، ضرورت مند فنکاروں کےلئے آرٹسٹ سپورٹ فنڈکا قیام عمل میں لایا گیا ،آرٹسٹ سپورٹ فنڈسے 1,831 فنکاروں کو اہل قرار دے کر مالی معاونت فراہم کریں گے،تھیٹر صرف تفریح نہیں بلکہ معاشرے کا آئینہ ہے۔
نئی نسل کو محفوظ و صاف ماحول کےلئے اجتماعی کاوش ناگزیر،عوام ارتھ آور منائیں،مریم نواز



















