مریم نواز سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات، سٹریٹجک تعاون ،سی پیک کو فروغ دینے پر اتفاق


لاہور :(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں نئے تعینات چینی قونصل جنرل سن یان (Sun Yan) نے ملاقات کی،مریم نواز نے نئے قونصل جنرل کو تعیناتی پر مبارکباد دی اوردورہ چین کی دعوت کرلی۔

ملاقات میں سٹریٹجک تعاون ،سی پیک کو مزید فروغ دینے ،پنجاب حکومت ، چینی قونصل خانے کیساتھ ملکر اقتصادی و ثقافتی تبادلوں کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے چین کا دفاعی تعاون و دیگر ممالک کےساتھ کشیدگی کم کرنے میں تعاون پر اظہارتشکرکیا اور پاک چین دوستی کو فقیدالمثل قراریتے ہوئے کہا چین نے پاکستان کی علاقائی سلامتی، خودمختاری و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ، پنجاب صنعتی ترقی، تکنیکی تعاون و شہری انتظام میں چینی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ، پنجاب سی پیک کے تحت صنعتی کاری، لاجسٹک کوریڈورز ، ٹیکنالوجی کی شراکت داری کے ذریعے معاشی ترقی کا ہدف رکھتا ہے،چینی سرمایہ کاروں کےلئے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) بنا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی ، قائد اعظم بزنس پارک میں گارمنٹس سٹی چینی سرمایہ کاروں کےلئے تیار،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ٹیکسٹائل، زراعت، قابل تجدید توانائی، الیکٹرک موبلٹی، ویسٹ مینجمنٹ اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کے مواقع ،چینی کمپنیوں کےلئے پنجاب چائنا ڈیسک ،بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرز قائم،پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ جیسے اداروں کے کاروبارکیلئے دوست سرمایہ کاری کا ماحول بنارہے ہیں، چینی شہریوں ،پراجیکٹ کی حفاظت ترجیح ہے۔

چین کے نئے قونصل جنرل سن یان نے کہا پاکستان ،چین کے درمیان دیرینہ دوستی کی بہت قدر کرتے ہیں،بین الاقوامی فورمز پر چین کی مسلسل اصولی حمایت، علاقائی امن، استحکام اور ترقی کےلئے پاکستان کا پختہ عزم قابل تحسین ہے،پنجاب میں کاروباری اداروں ،ترقیاتی شراکت داروں کےساتھ معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے عید کے موقع پر مسافروں سے مقررہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنےوالوں کےخلاف کریک ڈاون کا حکم دیتے ہوئے کہا تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے ضروری اقدامات کیے جائیں، عید کے موقع پر گھر کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائےگی،ہر بس سٹینڈز پر کرائے نامے نمایاں آویزاں کرکے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔