تجاوزات کے خاتمے کی مہم انتظامی غفلت سے ناکام ہونے کا خدشہ

لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت کی جانب سے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے سڑکوں سے تجاوزات کے خاتمے کا آغاز کیا گیا مگر یہ مہم کئی مقامات پر مبینہ طور پر انتظامی غفلت اور نچلے عملے کی ملی بھگت کے باعث ناکامی سے دوچار دکھائی دیتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاون کا عملہ اور گلبرگ زون کے انفورسمنٹ انسپکٹر تجاوزات کے خاتمے کی بجائے ان کی سرپرستی میں مصروف ہیں۔ کچا جیل روڈ، چندرائے روڈ اور بنک سٹاپ جیسے مصروف ترین پوائنٹس پر سینکڑوں ریڑھیاں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر کھڑی رہتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ معلومات کے مطابق ان مقامات پر روزانہ تقریباً 200 کے قریب ریڑھیاں موجود ہوتی ہیں اور ہر ریڑھی بان سے 300 روپے یومیہ وصول کئے جاتے ہیں۔ اس طرح مبینہ طور پر روزانہ بھاری رقوم اکٹھی کی جا رہی ہیں، جو سرکاری خزانے میں جانے کے بجائے متعلقہ عملے تک پہنچتی ہیں۔ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اس مبینہ وصولی کے نظام کو چلانے کیلئے پرائیویٹ افراد کو استعمال کیا جا رہا ہے، جو باقاعدہ طور پر ریڑھی بانوں سے رقم اکٹھی کرتے ہیں۔ اس غیر قانونی طریقہ کار نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کو محض کاغذی کارروائی تک محدود کر دیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور اور ایڈمنسٹریٹر کی سطح پر عدم توجہی نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جس کے باعث تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی شفافیت اور سنجیدگی پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر قائم یہ غیر قانونی ڈھانچہ نہ صرف ٹریفک کے نظام کو مفلوج کر رہا ہے بلکہ انتظامی رٹ کو بھی چیلنج کر رہا ہے جس سے تجاوزات کے خاتمے کا حکومتی مشن عملی طور پر غیر موثر دکھائی دے رہا ہے۔