دنیا کے امن کو خطرات لاحق ، جنگوں کا خاتمہ ناگزیر ہے، صحافیوں کی متفقہ رائے

لاہور (سٹاف رپورٹر) صحافیوں، ایڈیٹرز اور کالم نگاروں کے پلیٹ فارم ”پہچان“ کے زیر اہتمام سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام ”تاشقند اردو“ کے دفتر میں کیا گیا جس میں شہر لاہور سے تعلق رکھنے والے ممتاز صحافیوں، ایڈیٹرز اور کالم نگاروں نے شرکت کی۔ اس نشست نے نہ صرف باہمی روابط کو مضبوط کیا بلکہ عالمی حالات، صحافتی ذمہ داریوں اور پیشہ ورانہ چیلنجز پر بھی سنجیدہ مکالمے کا موقع فراہم کیا۔ افطار ڈنر میں شریک نمایاں شخصیات میں مدثر اقبال بٹ، محسن گورایہ، شاہد نذیر چوہدری، عامر خاکوانی، ملک جہانگیر حسین بارا، احمر رشید بھٹی، امجد اقبال، عرفان اطہر، خالد ارشاد صوفی، حق نواز گھمن، قیصر شریف، رانا تنویر قاسم، نعیم ثاقب، احمد ابوبکر، ناصر چوہان، صفدر علی، نور الہدی، شبیر یوسف زئی، ارسل بلگن اور میجر ناصر شریک شامل تھے۔ تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شرکاءنے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری جنگیں عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگیں کسی بھی مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہوتیں بلکہ یہ انسانی جانوں کے ضیاع، معاشی تباہی اور سماجی عدم استحکام کا باعث بنتی ہیں۔ بے گناہ شہری، خصوصاً خواتین اور بچے، ان تنازعات کا سب سے زیادہ نشانہ بنتے ہیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ شرکاءنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعات کے حل کیلئے مکالمے، سفارتکاری اور باہمی احترام کو فروغ دے، تاکہ دنیا کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صحافت کا بنیادی فریضہ سچ کی تلاش اور امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کرنا ہے نہ کہ نفرت اور تقسیم کو ہوا دینا۔ تقریب میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے بھی اہم گفتگو ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں صحافی شدید معاشی دباو، غیر یقینی حالات اور پیشہ ورانہ خطرات کا سامنا کر رہے ہیں، اسلئے ضروری ہے کہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ میڈیا اداروں اور متعلقہ تنظیموں کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کو بہتر تنخواہوں، تحفظ اور پیشہ ورانہ سہولیات فراہم کریں تاکہ وہ آزادانہ اور ذمہ دارانہ صحافت جاری رکھ سکیں۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نہ صرف سچائی پر مبنی صحافت کو فروغ دیں گے بلکہ معاشرے میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کے پیغام کو عام کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، عالمی امن اور صحافی برادری کی فلاح کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔