کراچی (مشرق نیوز) کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی اہم کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل اے کے کمانڈر سہیل بلوچ سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاون میں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
سی ٹی ڈی کے حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ بارودی مواد کے ساتھ گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے تھے، جن کی بنیاد پر مشتبہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر کے مطابق جیسے ہی اہلکاروں نے گھر کا محاصرہ کیا، اندر موجود دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ 3 زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کئے جا رہے تھے تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ ہلاک دہشت گردوں میں جلیل، نیاز، حمدان اور سہیل بلوچ شامل ہیں۔ ان میں سہیل بلوچ کی شناخت بعد ازاں انٹیلی جنس تحقیقات کے ذریعے کی گئی۔
کراچی: کالعدم بی ایل اے کے اہم کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک



















