حلف اٹھالیا،عہدہ کانٹوں کی سیج ،قائد اعظم کی سیاست کرینگے،گورنر سندھ نہال ہاشمی


کراچی: (بیورورپورٹ)ن لیگی رہنما نہال ہاشمی نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے حلف لیا، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے نہال ہاشمی کو مبارکباد دی۔

تقریب حلف برداری میںمیئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، صوبائی وزیر سعید غنی، سینیٹر وقار مہدی ،ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ترجمان برائے وفاق راجہ انصاری، علی اکبر گجر، ن لیگی رہنماوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا عہدہ کانٹوں کی سیج ہے، آئین کے مطابق کردار ادا کروں گا،نواز ،شہباز کا مشکور ہوں،شرارت نہیں قائد اعظم کی سیاست کریں گے،سندھ کی ترقی کے نقش قدم پر چلیں گے،آباواجداد نے بہت قربانیاں دیں،سیاسی لوگ ہیں، مل بیٹھ کر مسائل کو حل کیاجائےگا،ایم کیو ایم والے پاکستانی ،پہلے بھی مناتے رہے ہیں، ناراضگی چھوٹی چیز ،دوبارہ پھر راضی کرلیں گے،وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ سکیم کادائرہ وسیع کریں گے، سندھ میں مزید 20 ہزار لیپ ٹاپ دیں گے۔

نہال ہاشمی نے کہا وفاق کے ادارے فعال ، مریم نواز کے نقش قدم پر چلیں گے،ایمانداری اورخلوص سے خدمت کی جائے تو نواز شریف جیسا نتیجہ نکلتا ہے،سندھ کے لوگوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔