محکمہ آبپاشی، کروڑوں کی کرپشن کیخلاف ڈی جی اینٹی کرپشن کو شکایت پر کارروائی التواءکا شکار

لاہور (قمر عباس نقوی) محکمہ آبپاشی ایکسین ڈرینج سرگودہا کی کروڑوں روپے کے مالی غبن کے خلاف ڈی جی اینٹی کرپشن کو تحریری شکایت پر کارروائی التوا کا شکار ،ایس ای کی ملی بھگت سے ایکسین اور ایس ڈی او سمیت دیگر افسران کا نیلامی دو ڈویژنزکی ظاہر کرکے دو ڈویژنز کی مشینری و دیگر سامان کو فروخت کرنے پر شہری کی جانب سے تحریری شکایت دائر۔محکمہ انسداد بد عنوانی پنجاب کا سرکاری محکمہ جات میں مفاد پرست افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی کا عمل کاغذی کارروائی تک دکھائی دے رہا ہے۔ متعدد شہریوں کی جانب سے سرکاری افسران و ملازمین کی کرپشن کی نشاندہی کرتے ہوئے تحریری شکایات کر رکھی ہیں جس پر اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے مبینہ طور پر شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے مبینہ طور پر سرکاری افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی التوا کا شکار کر دی جاتی ہے۔ شہری تصور کی جانب سے بھلوال ڈرینج ڈویژن ایکسین کا اختیارات سے تجاوز افسران کی ملی بھگت سے 50 کروڑ کے سرکاری سامان کی تین کروڑ میں نیلامی کر نے کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں چار سٹور کے سامان کی نیلامی مگر اشتہار صرف دو کا دیا سرکل چیف انجینئر سمیت دیگر افسران کی ملی بھگت کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ درخواست کے مطابق محکمہ آبپاشی ڈرینج ڈویژن کے زیراہتمام منڈی بہاو دین سٹور ورکشاپ سرگودہ سٹور اینڈ ورکشاپ اڈیالی سٹور اینڈ ورکشاپ شاہ جیونہ سٹور اینڈ ورکشاپ میں موجود تانبے پیتل کے سامان خراد مشین جنریٹر مشین ہیوی مشینری لوہے کے سکریپ اور ٹیوب ویل بورنگ کا سامان تھا اس کی نیلامی کی گئی مگر ایکسین نے نیلامی کا اشتہار چار کی بجائے دو ڈویژنزکا دیا ایس ای سمیت دیگر افسران سے ساز باز کرتے ہوئے قیمتی سامان کو پہلے ہی الگ کر لیا اور ٹھیکیدار جس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ درپردہ ایکسین کا ہی قریبی ہے اسے صرف تین کروڑ روپے میں بیچ دیا ہے اینٹی کرپشن ڈی جی کو دی گئی درخواست میں مزید لکھا گیا کہ چاروں سٹور کے سرکاری سامان کی مالیت کم از کم 50 کروڑ روپے تھی لیکن زاتی مالی مفاد کی خاطر سرکاری املاک کو اونے پونے داموں میں فروخت کیا گیا ہے شہری کا کہنا تھا کہ میں نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو درخواست ڈائری نمبر 2849دی ہے جس میں ایکسین بھلوال ڈرینج ڈویڑن کی جانب سے محکمہ کو کروڑوں روپے کا مالی غبن کرنے کی نشاندہی کی ہے جس پر اینٹی کرپشن کی جانب سے تاحال کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا۔ اینٹی کرپشن پنجاب حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ادارے کے خلاف کرپشن کی نشاندہی پر کارروائی فی الفور کی جارہی ہے۔ اگر کسی شکایت پر کارروائی التوا کا شکار ہے اس کی نشاندہی کریں دیکھ لیتے ہیں باقی جب سے ڈی جی اینٹی کرپشن نے ذمہ داری سنبھالی ہے عوام کو کافی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایکسین آبپاشی بھلوال ڈرینج یاسر سلیم کا کہنا ہے بے بنیاد الزام ہیں اور جھوٹ کا پلندہ ہے۔