انسانیت کی خدمت، مستحق افراد کی مدد اسلام کی حقیقی روح ہے: سیکرٹری اوقاف

لاہور (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں انسانیت کی خدمت اور مستحق افراد کی مدد کرنا اسلام کی حقیقی روح کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بات جوہر ٹاون میں اللہ والے ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں اللہ والے ٹرسٹ کی انتظامیہ جن میں چیئرمین شاہد لون، جنرل سیکرٹری پرویز مغل، کنٹری ہیڈ رانا حسن افضل، معروف بزنس مین درشن سنگھ اور ادارہ منہاج الحسین کے صدر و مہتمم اعلیٰ سبطین اکبر سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے اسلام آباد، گلبرگ، جوہر ٹاون اور لاہور کے دیگر علاقوں میں جدید طرز کے کچن اور منظم لنگر خانوں کے ذریعے روزانہ تقریباً ایک لاکھ افراد کیلئے دسترخوان اور افطار کے اہتمام کو ایک قابل تحسین فلاحی اقدام قرار دیا۔انہوں نے اللہ والے ٹرسٹ کے جدید کچن سسٹم کو سراہتے ہوئے وضو کے پانی کی بچت کیلئے متعارف کرائے گئے جدید نظام کو بھی قابل تقلید قرار دیا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ کا کہنا تھا کہ محکمہ اوقاف پنجاب صوبہ بھر کے مزارات، خصوصاً بڑے مزارات پر قائم لنگر خانوں اور کچن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا خواہاں ہے اور اس ضمن میں ایسے بہترین تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے جس سے وسائل کے موثر استعمال اور پانی کے تحفظ میں مدد ملے گی۔سیکرٹری اوقاف نے بتایا کہ داتا دربار کے ایڈمنسٹریٹر اپنی ٹیم کے ہمراہ پہلے مرحلے میں اللہ والے ٹرسٹ کے کچن کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں موجود جدید سہولیات اور پانی کی بچت کے نظام کا جائزہ لیا جا سکے۔ اس دورے کا مقصد ان کے تجربات سے سیکھنا اور باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینا ہے تاکہ ابتدا میں داتا دربار اور بعد ازاں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام مساجد اور مزارات میں بھی ایسے جدید نظام متعارف کروائے جا سکیں۔