ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)سمیع اللہ کے ہمراہ زیر تعمیر منڈیوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے منڈیوں میں جاری کام کی سست رفتاری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چار دیواری، مین گیٹ،اندرون سڑکوں اور سیوریج لائن کے کام کو عید تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔ بعدازاں انہوں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کے ون ونڈو سیل کی نئی تعمیر شدہ عمارت دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر کمشنرنے ون ونڈو سیل میں قائم مختلف برانچز کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اے سی جی /سیکرٹری بورڈغلام حسین بھٹی، ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن آفیسر حامد یاسین اور بورڈ کے انجنئیر انچارج سید قاسم احمد شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر انہیں نئی عمارت، جدید سہولیات اور سروس ڈیلیوری کے نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔کمشنرڈاکٹر آصف طفیل نے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے افسران و عملہ کی کارکردگی کو سراہا اور شہریوں کو بروقت اور شفاف خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے الیکشن کمیشن آفس کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو کو الیکشن کمیشن کی نئی عمارت اور ملحقہ علاقوں کے سیوریج کے مسائل حل کیلئے پلان بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ گورننس میں بہتری اور عوام کی مشکلات کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں اور ان میں حائل رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں۔ ملک کے سکیورٹی منظر نامے کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں میں تعاون مزید موثر کیا جائے اور عوام کو بھی امن دشمن عناصر سے چوکنا رہنے کا احساس دلایا جائے اور اس سلسلے میں ان کی رہنمائی کی جائے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیوں کے ڈویژنل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع بارے گورننس میں بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے امن و امان برقرار رکھنے اور موثر مانیٹرنگ کیلئے دیہات اور محلہ لیول پر کمیونٹی کی شرکت پر زور دیا اور اس سلسلے میں نمبرداروں کو بھی ایکٹیویٹ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے رمضان المبارک کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں کی طرف سے مالی امداد کے حصول کیلئے نادرا سنٹرز پر عوامی رش کو کنٹرول کرنے اور کسی ناخوشگوار حادثے سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں تعاون مزید موثر کیا جائے : کمشنر ساہیوال



















