ترقیاتی کاموں میں حفاظتی ایس او پیز کاغذوں تک محدود، شہری اذیت کا شکار

لاہور(قمر عباس نقوی/تصویر: شاہنواز ) ایل ڈی پی ترقیاتی منصوبوں میں حفاظتی ایس او پیز کاغذوں تک محدود، شہریوں کیلئے موت کا جال بن گئے، انتظامیہ کی کارکردگی زیرو ، ایل ڈی اے، واسا، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کے نام پر شہر بھر میں جاری ترقیاتی کام شہری سہولت کے بجائے کھلے عام جان لیوا خطرات میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ حفاظتی ایس او پیز کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں مگر ایل ڈی اے، واسا، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جس سے بڑے سانحات کا خدشہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گہری کھلی کھدائیاں، بغیر بیریکیڈنگ گہرے گڑھے، ٹوٹے فٹ پاتھ اور اندھیرے میں نظر نہ آنے والی تعمیراتی رکاوٹیں معمول بن چکی ہیں ترقیاتی کاموں کے نام پر سڑکیں کھود کر چھوڑ دی جاتی ہیں، نہ وارننگ سائن بورڈ لگائے جاتے ہیں اور نہ ہی رات کے وقت روشنی کا مناسب انتظام کیا جاتا ہے، جو براہِ راست انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے ذرائع کے مطابق متعدد مقامات پر ٹریفک پولیس سے اجازت کے بغیر سڑکیں بند کی گئیں جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں ٹریفک جام کے باعث ایمبولینس اور ریسکیو گاڑیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مو¿ثر ٹریفک مینجمنٹ پلان کا مکمل فقدان نظر آتا ہے تعمیراتی سائٹس پر مزدوروں کی حالت اس سے بھی زیادہ تشویشناک ہے۔ بغیر ہیلمٹ، بغیر سیفٹی جیکٹس اور حفاظتی جوتوں کے مزدور خطرناک مشینری کے ساتھ کام کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے نہ فرسٹ ایڈ کی سہولت موجود ہے اور نہ تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے یہ صورتحال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایس او پیز محض کاغذی کارروائی بن چکے ہیں ماحولیاتی آلودگی کے معاملے میں بھی شہری شدید اذیت کا شکار ہیں گردوغبار کے بادل، ملبے کے ڈھیر اور شور نے قریبی آبادی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مگر نہ تو واٹر اسپرنکلنگ کی جا رہی ہے اور نہ ہی ملبہ بروقت اٹھایا جا رہا ہے۔ شہری سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا ایل ڈی پی ترقی کے بجائے بیماریوں کو دعوت دینے کا منصوبہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسران کی جانب سے سائٹس کا باقاعدہ معائنہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ متعدد کنٹریکٹرز سیاسی اثر و رسوخ کے باعث قانون اور قواعد سے بالاتر ہو چکے ہیں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر جرمانے اور کارروائیوں کے دعوے صرف فائلوں اور اجلاسوں تک محدود ہیں، زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایل ڈی پی منصوبوں کا آزاد آڈٹ کرایا جائے، ذمہ دار افسران اور کنٹریکٹرز کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کیونکہ اگر کسی بڑے حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں تو اس کی تمام تر ذمہ داری براہِ راست متعلقہ اداروں اور اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی جیسا کہ ماضی قریب میں بھاٹی گیٹ پر جاری ترقیاتی کام پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ماں اور معصوم بیٹی سیوریج مین ہول میں گر کر موت کی آغوش میں چلی گئیں جو کہ زمہ داران کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومتِ پنجاب کی جانب سے حفاظتی اقدامات کے واضح احکامات کے باوجود بیشتر مقامات پر نہ تو مناسب بیریکیڈنگ کی گئی ہے اور نہ ہی وارننگ سائن بورڈز نصب ہیں گہرے گڑھے کئی کئی روز تک کھلے چھوڑ دیے جاتے ہیں جو رات کے وقت جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتے ہیں، جبکہ پیدل چلنے والوں کیلئے کسی متبادل راستے کا انتظام بھی نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق متعدد منصوبوں میں ٹریفک پولیس سے منظور شدہ پلان کے بغیر سڑکیں کھود دی گئیں، جس کے باعث اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی سروسز کو بھی گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے، جو انتظامیہ کی سنگین غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایل ڈی پی کی تکمیل کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی خاطر متعلقہ زونز کے ڈائریکٹرز کو ذمہ داری تفویض کر رکھی ہے جو کہ ٹھیکیدار کو اس حوالہ سے پابند کرنے کے ذمہ دار ہیں۔