لاہور(قاضی ندیم اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں اوقاف اصلاحاتی عمل کے دوسرے مرحلہ پر کام کا آغاز۔پنجاب بھر میں تعینات زونل ایڈمنسٹریٹرز اوقاف کووقف املاک کو قابضین سے واگذار کروانے کا ٹاسک سونپنے کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز کو معاونت کرنے کیلئے مراسلے ارسال کر دئیے گئے۔دستاویزات کی کاپی ”مشرق“ نے وصول کر لی۔ذرائع کے مطابق دربار حضرت داتا گنج بخش ، دربار حضرت پیر مکی ، دربار حضرت بی بی پاکدامن ، دربار حضرت بابا بلھے شاہ ، دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر پر خصوصی ٹیموںکی تعیناتی کے بعد ان کے نتیجے میں کیش بکسز کی آمدن میں ہونے والے خاطی خواہ اضافہ کے بعد سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کی روشنی میں اصلاحاتی عمل کے دوسرے اور اہم ترین مرحلہ پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ سیکرٹری اوقاف کی ہدایت پر ڈائریکٹر اسٹیٹ شاہد یعقوب نے پنجاب بھر میں تعینات زونل ایڈمنسٹریٹرز اوقاف کو مراسلے ارسال کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ ناجائز قابضین کے زیر تسلط وقف املاک کی فہرستیں ترتیب دے کر ان کو واگذار کروانے کیلئے ضلعی حکام(ڈپٹی کمشنرز) کے ساتھ میٹنگز کریں۔ محکمانہ وقف املاک کی واگذاری کیلئے ضلعی حکام ، پیرا اورپنجاب پولیس و دیگر اداروں کو آن بورڈ لے قابضین کے خلاف کر آپریشن کلین اپ کیا جائے۔اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر وٹس ایپ گروپ کی وساطت سے اپنی کارکردگی رپورٹ اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ اوقاف کو بھجوائیں۔ذرائع کے مطابق دوسری جانب ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف نے پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے انہیں عوامی مفاد میں وقف املاک کی واگذاری کے لئے محکمہ اوقاف کے فیلڈ افسران (زونل ایڈمنسٹریٹرز/منیجرز) کے ساتھ معاونت کی درخواست کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب گائیڈ لائنز پر عمل کیلئے محکمہ اوقاف میں اصلاحات کا دوسرا مرحلہ شروع



















