لاہور(نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایک کروڑ افرا د کیلئے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکیج کی منظوری دےدی،پنجاب کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10، 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے، پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان میں 20لاکھ سے زائدافراد کو نگہبان کارڈز مہیا کیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت رمضان شریف کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف کے حوالے سے اہم اجلاس میں نادار افراد کےلئے سی ایم راشن کارڈ، نگہبان دسترخوان، سہولت بازار اور دیگر انتظامی امور کی منظوری دےدی گئی،اجلاس میں بتایا گیا رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے کیش کے علاوہ دیگر ضروری اشیاءبھی خریدنے کی سہولت میسر ہوگی، ضلعی انتظامیہ متعلقہ علاقوں میں گھرگھر جاکروزیراعلیٰ پنجاب رمضان نگہبان کارڈ فراہم کرے گی، رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعےبینک آف پنجاب برانچ لیس بینکنگ ایجنٹ سے بھی کیش حاصل کرسکیں گے، رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے ون لنک نیٹ ورک اے ٹی ایم کے ذریعے بھی کیش حاصل کیا جا سکے گا،بینک آف پنجاب کے مقررہ دکانداروں سے رمضان نگہبان کیش کے ذریعے خریداری کی جاسکے گی، وزیراعلیٰ مریم نواز رمضان نگہبان کارڈ نے ایکٹیویشن کےلئے 136 ایکٹیویشن مراکز قائم ہوں گے، رمضان نگہبان کارڈ پنجاب بینک کی اے ٹی ایم پر بھی ایکٹی ویٹ کیا جاسکے گا، بریفنگ میں بتایاپنجاب بھر میں راشن کارڈ ہولڈرز کو بھی رمضان المبارک میں 3ہزار ماہانہ کی بجائے 10ہزار روپے دیئے جائیں گے، اجلاس میں رمضان نگہبان ڈیش بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کارڈ ہولڈرز کو کال کرکے کاونٹر چیکنگ کا نظام بروئے کار لایا جائے گا، وزیراعلیٰ نے رمضان نگہبان کارڈ کے ذریعے ادائیگی آسان سے آسان تر بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں پنجاب کی ہر تحصیل میں رمضان المبارک میں 8 نگہبان دسترخوان……مریم کے مہمان“ قائم کرنے کی منظوری دےدی، پنجاب کی ہر تحصیل میں ”نگہبان دسترخوان……مریم کے مہمان“ کے تحت ہر روز 2 ہزار روزہ داروں کی افطاری کرائی جائےگی، مریم نواز نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ”نگہبان دسترخوان……مریم کے مہمان“ کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی،پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ”نگہبان دسترخوان……مریم کے مہمان“ کی روزانہ مانیٹرنگ کی ہدایت کی، ”نگہبان دسترخوان……مریم کے مہمان“ پروگرام میں روزہ داروں کی کھجور، سموسہ، دودھ،روح افزا، کیلا اور چکن بریانی سے تواضع کی جائیگی، بریفنگ کے دوران بتایا گیا رمضان المبارک میں 30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فنکشنل ہوں گے جبکہ 50سہولت بازار 15 سہولت آن دی گو اور دیگر 11اضلاع میں عارضی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے،وزیراعلیٰ نے فری ہوم ڈیلیوری کےلئے نگہبان کارڈ سے بھی ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی،مریم نواز نے 60 تحصیلوں میں سہولت بازار کےلئے فوری طور پر اراضی کی نشاندہی کرنے کا حکم دیا، اجلاس میں سہولت بازاروں میں نرخ، صفائی، سکیورٹی اور دیگر امور کی نگرانی کےلئے 1250 کیمروں کےساتھ صوبائی مانیٹرنگ روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،وزیراعلیٰ نے کہا کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں تنہا محسوس نہ کرے،دکھ سکھ میں غریب عوام کےساتھ کھڑے رہیں گے، صاحب ثروت افراد کو اپنے ارد گرد موجود مستحق لوگوں کو کھانا کھلانا چاہیے، لوگوں کی خدمت کرکے رمضان المبارک میں دنیا اور آخرت سنواری جائے گی،ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھرمیں پالتو شیر رکھنے کی اجازت ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قانون سے وائلڈ کیٹس رکھنے کی شق ختم کرنے کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ نے فیصلہ 8 سالہ بچے واجد کا بازوضائع ہونے پرسخت نوٹس لیتے ہوئے قانون سے وائلڈ کیٹس رکھنے کی شق ختم کرنے کی ہدایت کردی،مریم نواز نے متاثرہ بچے کے والد کی اپیل چلنے پر نوٹس لیتے ہوئے ننھے واجد کوجدید بائیونک آرم لگانے کی ہدایت کردی،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ننھے واجد کوگنگا رام ہسپتال منتقل کیا گیا، مریم نواز نے واقعہ چھپانے اور مقامی ہسپتال میں واجد کا بازو کاٹنے پر سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔
ایک کروڑ افراد کیلئے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکیج کی منظوری



















