لاہور: (وقائع نگار)پنجاب میں بجلی تار کی وجہ سے”شارٹ سرکٹ اور جان لیوا حادثات“سے بچاﺅ کےلئے عملی اقدام کا آغاز ،پہلے مرحلے میں لاہور کو بجلی کی لٹکتی بے ہنگم و خطرناک تاروں سے نجات دلائی جائے گی،بسنت پر ناخوشگوار حادثات روکنے کےلئے اندرون شہر سے بجلی کے بے ہنگم و خطرناک تار ہٹانے کا پائلٹ پراجیکٹ مکمل کیاجائےگا،وزیراعلیٰ نے بجلی کے تار انڈر گراﺅنڈ کرنے کے دوران انٹرنیٹ و دیگر متاثرہ سروسز کی متبادل سپلائی یقینی بنا نے کا حکم دےدیا۔
مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پورے لاہور کو 3 زون میں تقسیم کرکے بجلی تار انڈرگراونڈ کرنے کی تجویز کا جائزہ، نئی ہاوسنگ سکیموں میں بجلی سپلائی کے تارانڈرگراونڈ لازم قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیاگیا،شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ اور جانی نقصان کے مستقل سدباب کےلئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہنگامی سیفٹی پلان طلب کرلیا،لیسکو حکام نے اجلاس کو بریفنگ دی لاہور میں 40ہزار کلومیٹر بجلی کے تار اور 50ہزار کلومیٹر انٹرنیٹ کیبل پھیلی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کراچی گل پلازہ جیسے سانحہ سے بچنا چاہتے ہیں، عوام کا تحفظ ذمہ داری ہے، بارش کے دوران بجلی کے تار حادثات کا موجب بن رہے ہیں،بے ہنگم تاربرے نہیں لگتے بلکہ انسانی جانوں کےلئے مستقل خطرہ ہیں۔
دریں اثنا گلبرگ انڈی گو ٹاور میں آتشزدگی پرریسکیو1122 ٹیم نے منٹوں میں رسپانس دیا، لمحوں میں ایکشن لیا، مقیم افراد کی جانیں محفوظ رہیں، مریم نواز کی رہنمائی میں بروقت و کوئیک رسپانس سے صوبہ بڑے سانحہ سے بچ گیا، وزیراعلیٰ مریم نوازنے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ریسکیو 1122 ٹیموں نے گلبرگ انڈی گو ٹاور میں محصور تمام 180 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
مریم نواز نے آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کو پوری طرح متحرک کرتے ہوئے حکم دیاجب تک ایک ایک شخص کو بحفاظت ریسکیو نہ کر لیاجائے پوری ٹیم آپریشن جاری رکھے،پنجاب کے جدید فائر ہائیڈرنٹس ، سسٹم نے منٹوں میں آگ بجھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ نے پوری ریسکیو ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا180 زندگیوں کا بچ جانا محض اتفاق نہیں سیف پنجاب ویژن و فعال ہائیڈرنٹ سسٹم کا نتیجہ ،زندگیاں بچانا حکومت و ریسکیو اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔
بے ہنگم بجلی تاروں کے خاتمے کیلئے ماسٹر پلان تیار،عوام کا تحفظ ذمہ داری ہے،مریم نواز



















