ایمان مزاری،ہادی چٹھہ گرفتار،جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل


اسلام آباد،راولپنڈی :(بیورورپورٹ) ایڈووکیٹ ایمان مزاری کو شوہر ہادی چٹھہ سمیت گرفتار کر لیا گیا،ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے ڈسٹرکٹ کورٹ جا رہے تھے پولیس نے سرینا چوک کے قریب گاڑی رکوا کر حراست میں لیا۔

دریں اثنا اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ایمان مزاری،شوہر ہادی چٹھہ کو لڑائی جھگڑا کرنے کیس میں 14روز کیلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جوڈیشل کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا،دونوں کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے ایمان مزاری ،ہادی چٹھہ کو گرفتار کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا سیاسی اختلاف رائے رکھنے والوں کو نشانہ بنانا آئین ،جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے،ملک میں اظہار رائے کی آزادی اور بنیادی شہری حقوق مسلسل سلب کیے جارہے ہیں،دونوں کو فوری رہا کرکے گرفتاری معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں۔

علاوہ ازیں تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بھی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا آئین ہر شہری کو پرامن سیاسی سرگرمیوں اور آزادی اظہار کا مکمل حق دیتا تاہم موجودہ حالات میں آئینی حقوق کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے،سیاسی انتقام کا سلسلہ فوری بند ،تمام سیاسی و سماجی کارکنوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔