کراچی، گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی، 6 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

کراچی (مشرق نیوز) کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ بلڈنگ میں لگنے والی شدید آگ گئی، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بے قابو ہے، خوفناک آتشزدگی کے باعث 6 افرادجاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہیں، 11 کی حالت تشویشناک ہے۔

ریسکیو اور فائر بریگیڈکی متعدد گاڑیاں موقع پر موجود ہیں تاہم آگ کی شدت کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، شدید حرارت اور شعلوں کی لپیٹ میں آنے سے عمارت کا ایک حصہ گر گیا جس سے صورتحال مزید خطرناک ہوگئی، بلڈنگ کا حصہ گرنے سے فائر بریگیڈ اہلکار فرقان لاپتہ ہے۔

آگ کی شدت کے اثرات اطراف کی عمارتوں تک بھی پہنچ گئے ہیں، برابر میں واقع رمپا پلازہ میں دھواں بھرنا شروع ہوگیا ہے جس کے باعث وہاں موجود افراد کو شدید مشکلات کاسامنا ہے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر عمارت کو خالی کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔فائر بریگیڈ حکام کاکہنا ہے کہ آگ کی نوعیت اور عمارت میں موجود مواد کے باعث اسے بجھانے میں وقت لگ رہا ہے جبکہ واقعہ کی وجوہات جاننے کےلئے تحقیقات جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ساﺅتھ کے مطابق گل پلازہ کی عمارت 1989 میں تعمیرکی گئی تھی اوراس حوالے سے ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، آگ کی شدت میں نمایاں کمی آچکی ہے تاہم صورتحال اب بھی حساس ہے، عمارت میں اندرونی راستے تو موجود ہیں لیکن ہنگامی صورتحال میں باہر نکلنے کےلئے کوئی مناسب ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں تھا، متعلقہ اداروں سے عمارت کا نقشہ اور دیگرقانونی دستاویزات بھی چیک کی جائیں گی۔