بہترین علاج کی سہولت دہلیز پر فراہم کرنے کاوعدہ پورا کرینگے،مریم نواز

لاہور :(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھ لیب پراجیکٹ کی جلد تکمیل کےلئے اقدامات کاحکم دیدیا،وزیراعلیٰ کے ویژن کے تحت پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ کیلئے کارڈیک کیتھ لیب پراجیکٹ کاآغاز کر دیا گیا ،ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم کے بعد وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جھنگ، میانوالی اوروہاڑی میں کیتھ لیب جلد فنکشنل کر دی جائیں گی،بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاوالدین، راجن پور اور ٹو بہ ٹیک سنگھ میں فیز ٹو میں کیتھ لیب فنکشنل کر دی جائیں گی،کیتھ لیب میں انجیو گرافی، انجیوپلاسٹک اور پرائمری پی سی آئی کی سہولت بھی میسر ہوگی،کیتھ لیب کے قیام سے 60سے 90منٹ کے اندر ہسپتال میں پہنچنے والے مریض کی جان بچائی جا سکے گی۔

ڈسٹرکٹ کارڈیالوجی سنٹر میں انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ اور تربیت یافتہ سٹاف کی تعیناتی کےلئے اقدامات کا آغاز ہر ڈسٹرکٹ میں بننے والی سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک کیتھ لیب میں عالمی ایس او پیز کے مطابق امراض قلب کا بہترین علاج ہوگا،ہارٹ ایمرجنسی کی صورت میں 90منٹ کے اندر ضلعی کارڈیالوجی مرکز میں پہنچنے پر مریض کی جان بچانا ممکن ہوگا،ہارٹ ٹیک ایمرجنسی کے دوران مریضوں کو دور دراز کے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نوازنے ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ اور کارڈیک ڈاکٹروں کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی،ضلعی کارڈیک کیتھ لیب میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کو سپیشل پے پیکیج کا فیصلہ بھی کیا گیا، جدید ترین کیتھ لیب میں علاج سے امراض قلب سے پیچیدگیوں کا بچاو کا بھی ممکن ہوگا ،ضلعی سطح پر کیتھ لیب بننے سے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری اور بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم ہوگا،کون سوچ سکتاتھا ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں کیتھ لیب بنیں گی اور امراض قلب کا علاج ہوگا، پنجاب کے ہر شہری کیلئے معیاری اور بہترین علاج کی سہولت دہلیز پر فراہم کرنے کاوعدہ ضرور نبھائیں گے ۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نوازنے پاک بحریہ کے ایل وائے 80 این ایئر ڈیفنس میزائل کے کامیاب لائیو فائر ٹیسٹ تجربے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاک فوج، سائنسدانوں اورانجینئرز کی ٹیم کو ایل وائے 80 این ائیر ڈیفنس میزائل کے کامیاب تجربے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پاکستان نے ایل وائے 80 این ائیر ڈیفنس میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ۔