لاہور: (نمائند خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے آئمہ کرام معاشرے کے ستون اور دین کے علمبردار ہیں،آئمہ کرام کےلئے اعزازیہ کی خدمت کا موقع ملنے کو اپنا اعزاز سمجھتی ہوں،ہر غم یا خوشی کی تقریب میں علماءکرام ہی سے رہنمائی لی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ اعزازیہ کارڈ برائے امام صاحب پراجیکٹ لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا اعزازیہ کارڈ کے اجراءپر صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی اور پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، آئمہ کرام قابل احترام ہیں، کوئی مسئلہ ہوتو ان کی طرف دیکھا جاتا ہے کہا جاتا امام مسجد سے فیصلہ کرالیں،سن کر دکھ ہوا علماءکرام کی تنخواہ کےلئے ہر ماہ چندے کی آواز لگائی جاتی ہے مل ملاکر 5سے 10ہزار ہی بنتے ہیں، علماءکرام دین کا روشن چہرہ ہیں، صدا لگا کر خرچ اکٹھا کرنا افسوسناک ہے، افسوس کی بات ہے 2026 میں بھی بہت سے مساجد کے امام کو صرف 5 ہزار روپے پیش کیے جاتے ہیں،عام انسان کی طرح امام مسجد صاحب کو بھی ضروری اخراجات درپیش ہوتے ہیں،بہت کم آمدن میں روزمرہ کے اخراجات پورے کرنا مشکل امر ہے۔
مریم نواز نے کہاآئمہ کرام کو 15ہزار روپے دینے کا فیصلہ کیا تونواز شریف نے کم از کم 25ہزار کرنے کی ہدایت دی، تھوڑی سی رقم سے اگر آئمہ کرام کےلئے آسودگی پیدا ہوسکتی ہے تو اس سے بڑھ کر کیا خوشی ہوگی، معاشرے میں آئمہ کرام کو ان کا مقام نہ دینا افسوسناک ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا اعزازیہ پروگرام کا آغاز کیا تو منفی پروپیگنڈا شروع ہوگیالیکن آئمہ کرام کی طرف سے مثبت رسپانس آیا،پنجاب میں تقریباً 80ہزار مساجد ہیں، 70ہزار مساجد سے مثبت جواب ملے، رجسٹریشن بدستور جاری ہے،رواں ماہ آئمہ کرام کو پے آرڈر کے ذریعے ادائیگی ہوگی، اگلے ماہ سے مستقلاً اعزازیہ کارڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کی جائےگی، 25ہزار زیادہ نہیں،میڈیا کی وساطت سے مساجد انتظامیہ کو ریگولر معاونت جاری رکھنے کی اپیل کرتی ہوں، اعزازیہ کارڈ سے ڈیجیٹل ادائیگی کا مقصد شفافیت اور آسانی ہے۔
مریم نواز نے کہا کسی بھی مذہب کو برا مت کہو تاکہ کوئی تمہارے مذہب کو برا مت جانیں،معاشرے کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے مذہبی منافرت اورتقسیم روکنا علماءکی ذمہ داری ہے،بعض لوگ مذہب کے نام پر فتنہ کو فروغ دیتے ر ہے،بے رحمی سے معاشرے کو تار تار کیا گیا، پولیس اوررینجر ز کے جوانوں کو شہید اورمارا پیٹا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نوجوان آپ کی جان و مال کی حفاظت کیلئے کھڑے ہوتے ہیں،شہید ہونے والے جوانوں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئے، ستھرا پنجاب کی گاڑیاں جلا دی گئیں،املاک کو تباہ کیاگیا،روزگار بند ہوئے،گھروں کو ویران کیا گیا اوروہ خود کو مذہبی جماعت کہتے ہیں،لوگوں کی زندگی کو تنگ کردینا اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچا فتنہ نہیں تو کیا ہے،کسی فتنے کو فروغ دینا اورنام دین کا استعمال کرنا، امانت میں خیانت نہیں،دل میں برائی کو برا جاننا ایمان کا کمزور ترین درجہ ہے،مشکلات آنے پر لوگ دین کی طرف رجوع کرتے ہیں،امام صاحب سے رہنمائی لیتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا ادب سے گزارش کرتی ہوں فتنہ،ظلم اورزیادتی کسی بھی رنگ و نسل سے ہو برداشت نہیں،ظالم کو کٹہرے میں لاکر مظلوم کو انصاف دلانا ریاست کا فرض ہے،ریاست شہدا کے خون کا حساب لے گی،ریاست کبھی ملک کی سلامتی کیساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی،پنجاب سے ڈالہ کلچر،خواتین بچوں کی بے حرمتی اوردن دیہاڑے قتل ختم کیے،پنجاب میں کسی فتنے کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائےگی،پنجاب کی سرزمین فتنے،ظالم اورمافیا کےلئے تنگ کردی گئی ،لوگ آئمہ کرام کی بات سنتے ہیں اورمعاشرے کی اصلاح دینی فریضہ ہے، علمائے کرام لوگوں کو دین کی تعلیم کی طرف لاتے ہیں،ملک و قوم کی خدمت اورحفاظت صرف حکومت ہی نہیں سب کی ذمہ داری ہے،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو احترام سب پر فرض ہے،ٹریفک قوانین میں سختی پر خوش نہیں لیکن عوام کی حفاظت کیلئے ضروری ہے، ہیلمٹ انسانی جان کی حفاظت کیلئے ضروری ہےتاکہ کسی کا باپ،بیٹا یا بھائی نہ بچھڑے،نشے،برائی،قبضے،جرم کی روک تھام اورقانون کا احترام ضروری ہے۔
مریم نواز نے کہا حکومت ہر جگہ نہیں پہنچ سکتی لیکن امام مسجد کی آواز ہر جگہ پہنچتی ہے، معاشرے کو قابل تقلید معاشرہ بنانا چاہیے،ناحق قبضے،ماں باپ کی تکریم،حلال حرام کی تفریق کے بارے میں بتانا ضروری ہے،ایک ایسا معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جس پر سب کو فخر ہو،امام مسجد کیلئے اعزازیہ کار ڈ آغازہے،چاہتے ہیں ہر کوئی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالا۔
دریں اثناوزیر اعلیٰ مریم نواز نے صوبے بھر میں سٹروک سینٹرز قائم کرنے کی منظوری دےدی،سٹروک/فالج مینجمنٹ پروگرام سے پنجاب کے کسی بھی ضلع میں فالج اٹیک کا بروقت علاج ممکن ہوگا، پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں فالج کے علاج کےلئے مرحلہ وار سٹروک سنٹر بنیں گے۔
مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سٹروک مینجمنٹ پروگرام کاجائزہ،مرحلہ وار سٹروک مینجمنٹ سنٹرز کا قیام کا فیصلہ کیا گیا،پہلے مرحلے میں 30، پھر 15 اور آخر میں باقی 24 ضلعی ہسپتالوں میں سٹروک سینٹرز قائم کیے جائیں گے، ہر ڈسٹرکٹ میں ماہر نیو رالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ تعینات ہوں گے، وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہرسرکاری ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین مکمل طور پرفنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا زندگیاں بچانے کےلئے عارضی طور پر کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ میں بھی سٹروک مینجمنٹ پروگرام کی سہولت میسر ہوگی، سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ کے تحت فزییشنز ہائپر ٹرینڈ ہوں گے، فزیشن کو بھی”ٹی پی اے“اور”ٹی این کے“ انجکشن لگانے اور سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ دی جائےگی، مریم نواز نے وسط فروری تک انجکشن اور ٹریٹمنٹ ٹریننگ کا ہدف مقرر کر تے ہوئے ”ٹی پی اے“ انجکشن خریدنے کی منظوری دےدی، اجلاس میں فالج کے علاج کےلئے جدید ترین ”ٹی این کے“ انجکشن فراہم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، بریفنگ میں مزید بتایا گیا فالج کا اٹیک ہونے پر چار گھنٹے میں ہسپتال پہنچنے پر عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکتا ہے، مریم نواز نے عوام کو سٹروک/فالج کی علامات سے آگاہ کرنے کےلئے موثر آگاہی مہم چلانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہر ضلع میں سٹروک سنٹر بنارہے ہیں،بتدریج تحصیلوں تک سٹروک سنٹر کا دائرہ کار بڑھائیں گے،چاہتی ہوں کسی مریض کو ایمرجنسی کی صورت میں دوردراز شہر نہ جانے پڑے، عوام کو فالج کی علامات سے آگاہی اور چار گھنٹے ”گولڈن آور“ کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے، فالج کے مریض کو چار گھنٹے کے اندر قریبی سٹروک سنٹر پہنچانے پر معذوری سے بچایا جا سکتا ہے، ہر مریض کو ایمرجنسی علاج کی سہولت قریب ترین ہسپتال میں میسر ہونا میرا ویژن ہے۔
ڈار کی قیادت میں حکومتی وفد کی بلاول بھٹو سے ملاقات،اہم امور پر مشاورت
زرداری کی محسن نقوی ،ملک احمد خان سے ملاقات، نئے صوبوں پر مشاورت
امریکہ نے حملے دوبارہ شروع کیے تو مزید سرپرائزز تیار ہیں،ایران
بلاول بھٹو قومی رہنما ،مریم نواز سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا، پیپلز پارٹی
جیٹ فیول، مٹی کا تیل ،لائٹ ڈیزل آئل مزید سستا
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ،موسمیاتی تبدیلیاں ملکی معیشت کےلئے خطرہ
پنجابی ماں بولی پہچان، فروغ کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا، عطا تارڑ
موقف بڑا واضح،صوبے کی تقسیم مرتے دم تک قبول نہیں،سندھ حکومت
وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کا خلا باز ذیشان سے براہ راست رابطہ،حوصلہ بڑھایا
کراچی ریلی منسوخ ،پیپلز پارٹی کھلم کھلا سندھو دیش بناناچاہتی ہے، ایم کیو ایم



















