صحافی کالونی فیز ٹو کی جلد تکمیل ترجیح ہے،سیکرٹری اطلاعات پنجاب
لاہور: (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری و دیگر سینئر عہدیداروں سے ملاقات کی،صحافتی امور، میڈیا کو درپیش مسائل و باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،صحافی کالونی کے مسائل بالخصوص صحافی کالونی فیز ٹو کی تعمیر، ترقیاتی کاموں و منصوبے کی جلد تکمیل کے امور بھی زیر بحث آئے۔
سیکرٹری اطلاعات کو صحافی برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ اور فیز ٹو کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا گیا،ملاقات کے دوران صحافیوں کو صحافی کالونی فیز ٹو کا جلد دورہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ جاری ترقیاتی کاموں کا عملی جائزہ لیا جا سکے۔
سید طاہر رضا ہمدانی نے کہا حکومت صحافی برادری کی فلاح و بہبود کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے،وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری ذاتی طور پر صحافی کالونی فیز ٹو کی جلد تکمیل میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے پیشرفت کی خود نگرانی کر رہی ہیں،صحافی کالونی فیز ٹو کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،صحافیوں کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔



















