یاسمین راشد کا الیکشن ٹریبونل فیصلے کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ
لاہور: (وقائع نگار) این اے 130انتخاب پرالیکشن ٹریبونل کے فیصلے کےخلاف پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا،ذرائع کے مطابق یاسمین راشد نے جیل میں اپنی لیگل ٹیم سے مکمل مشاورت کرلی، آئندہ قانونی حکمت عملی طے کی گئی اور ٹریبونل کے فیصلے کو چیلنج کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یاسمین راشد نے اپنے وکیل رانا مدثر عمر کو ہدایت دی لاہور کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو فوری طور پر عدالت میں چیلنج کیا جائے۔
وکیل رانا مدثر عمر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا یاسمین راشد نے این اے 130 سے متعلق فیصلے کو بلا تاخیر عدالت میں لے جانے کی ہدایت کی ہے تاکہ قانونی حق کا تحفظ کیا جا سکے، ٹریبونل کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کےلئے باقاعدہ طور پر اپلائی کر دیا ، جیسے ہی فیصلے کی مصدقہ کاپی موصول ہو گی متعلقہ عدالت میں پٹیشن دائر کر دی جائے گی تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق کیس کو آگے بڑھایا جا سکے،یاسمین راشد کے وکیل نے کہا الیکشن ٹریبونل نے کیس میں حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا اور تکنیکی بنیادوں پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی الیکشن پٹیشن مسترد کر دی گئی۔



















