امام مسجد کواعزازیہ کی تقسیم کیلئے حکومت،پنجاب بینک میں معاہدہ
لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا، اعزازیہ کی تقسیم کیلئے محکمہ داخلہ اور بینک آف پنجاب کے مابین معاہدہ طے پا گیا ۔
محکمہ داخلہ پنجاب میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی ،ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی محکمہ داخلہ ماہم آصف ملک ،چیف ڈیجیٹل افسر بینک آف پنجاب نوفل داود نے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کے تحت یکم جنوری 2026 سے اعزازیہ جاری ہو گا، پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں تمام رجسٹرڈ امام مسجد صاحبان کو 25 ہزار روپے فی کس ماہانہ اعزازیہ ملے گا۔
تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان و وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ میں اہم اجلاس ہوا ،سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ودیگر نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیایکم جنوری کو پہلا اعزازیہ پے آرڈر کے ذریعے اور بعد ازاں ہر ماہ بینک آف پنجاب کے ڈیبیٹ کارڈ کے ذریعے دیا جائےگا،نفرت انگریزی ،ریاست مخالف سرگرمیوں،فورتھ شیڈول، دہشتگردی کے مقدمات میں ملوث ہونے پر نام فہرست سے خارج کر دیا جائےگا۔
صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا حکومت پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کیلئے سالانہ 20 ارب سے زائد رقم خرچ کرے گی، معزز امام مسجد صاحبان کو سہولت کیساتھ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں پہلے اعزازیہ کا پے آرڈر و رقم دستیاب ہوگی۔



















