ترقیاتی کاموں میں غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائیگا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی اوّلین ترجیح ہے، تمام ترقیاتی کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کئے جائیںاور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار انہو ںنے اپنے دفتر ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میںڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا اورنگزیب ،ڈائریکٹر زراعت شہباز اختر ،پی ڈی چیف پسپ پروگرام عمر جاوید ،شیخ طاہر ،سٹی منیجر پسپ پروگرام اسجد علی خاں سمیت ڈائریکٹر زراعت، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، ایم ڈی واسا، چائنیز کنٹریکٹر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ واٹر سپلائی کے منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کر کے واسا کے حوالے کیا جائے تاکہ شہریوں کو بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے شہر میں زیر تعمیر سڑکوں کے بقیہ کام فوری مکمل کرنے اور نئے تعمیر شدہ روڈز پر سٹریٹ لائٹس کا کام بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ٹی روڈ، آڑاتلہ روڈ اور کالج روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے جبکہ شہر کے وسط میں ریلوے روڈ اور جی ٹی روڈ پر جاری منصوبوں کی رفتار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔اجلاس میں پی ڈی چیف پسپ پروگرام عمر جاوید، شیخ طاہر، سٹی منیجر پسپ پروگرام اسجد علی خان نے شہر میں جاری منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، سیفٹی بیلٹس کا استعمال لازمی کروایا جائے اور زیر تعمیر مقامات پر واضح سائن بورڈز نصب کئے جائیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک مسائل اور حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔