سکھ برادری ہیلمٹ سے مستثنیٰ،کسی کو اقلیتوں سے ٹکر لینے کی اجازت نہیں دوں گی،مریم نواز


لاہور:(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسیحی برادری کو مبارکباد دی اورسکھ برادری کو ہیلمٹ قانون سے مستثنیٰ دینے ،اقلیتی کارڈ کی تعداد 75ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے ، پنجاب بھر میں اقلیتوں کےلئے قبرستان کا مسئلہ حل کرنے کےلئے فوری اقدامات کا حکم دےدیا۔

مریم نواز نے کہااقلیت دوست پنجاب نہ صرف مریم نوازبلکہ پاکستان میں رہنے والے ہر شہری کا خواب ہونا چاہےے،پنجاب کو اقلیت دوست بنانے کی ذمہ داری سب مسلمانوں پر زیادہ ہے کیونکہ اکثریت میں ہیں،نمائندگی کی وجہ سے میرا فرض ہے اقلیتوں کو بھی پنجاب کے وسائل پر مساوی حق ملے،مسلمانو ںکی طرح پنجاب میں اقلیتی برادری کے تہوار بھی بے خوف و خطر منائے جاتے ہیں ، کرسمس کےلئے شہروں کو سجایا،،سب سے بڑا کرسمس ٹری ،سانتا کلازلبرٹی چوک میں لگائے گئے ،اقلیتوں کی فلاح و بہبود کےلئے میرے والد اورمینٹور نوازشریف کا نام بار بارلئے جانے پر خوشی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا اقلیتوں نے عدلیہ،ایجوکیشن، ہیلتھ، افواج پاکستان و دیگر تمام شعبوں میں قابل قدر خدمات سرانجام دیں،پاکستان کے ہر شعبے میں خدمات سرانجام دینے والوں کا تعلق مسیحی برادری سے ہے،مہذب معاشرے کا تعین انصاف و اقلیتوں کے تحفظ سے کیاجاتا،ہمیشہ ہر فیصلہ انصاف و انسانیت کی بنیاد پر کرتی ہوں،اپنی چھت ،اپنا گھر سمیت پنجاب کے ہرپراجیکٹ میں اقلیتی برادری بھی شامل ہے،منیارٹی کے لوگوں کو گھر ملنے پر بہت خوشی ہوئی،پنجاب کے کسی پراجیکٹ میں آپ سے کوئی سوال نہیں کرے گا تعلق کس مذہب سے ہے۔

مریم نواز نے کہا دھی رانی پروگرام، راشن کارڈ، ہونہار سکالر شپ، کسان کارڈسمیت کسی پراجیکٹ میں نہیں پوچھا جاتا تعلق کس مذہب سے ہے،لودھراں میں ہونہار سکارلرشپ کی تقریب میں مریم نام کی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی بچی نے تقریر کی،کرسچن برادری سے مریم کو سکالر شپ ملا تو خوشی کی انتہا نہ رہی ،بات سن کر آنکھیں بھر آئیں،بھارت میں مسلم خاتون کا نقاب اتارنے پر تکلیف ہوئی دراصل انہوں نے ا پنی منافقت سے نقاب کھینچا،سکھ برادری کو پگڑی پہننے کی وجہ سے ہیلمنٹ سے مستثنیٰ قراردےدیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا اقلیتوں کی عزت کی حفاظت اور تحفظ میری ذمہ داری ،حکومتی کامیابی کا معیار اقلیتوں کا محفوظ ہونا ہے،کسی نے اقلیتوں کو نقصان پہنچایا یا حق مارا توریاست پوری قوت سے ٹکرائے گی،اقلیتوں سے ٹکر لینے کی کسی کو اجازت نہیں دوں گی، پنجاب اقلیتوں کےلئے بہتر و محفوظ جگہ ہے،اقلیتی برادری کے کسی رکن سے زیادتی ہوئی تو مریم نوا زسیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کوئی اقلیتی خوف میں زندگی گزارے تو مجھے سوچنا پڑے گا میں کہاں غلط ہوں؟،اقلیتوں کا بجٹ 600فیصد بڑھایا ، سمجھتی ہوں پنجاب کے پورے بجٹ پر اقلیتوں کا بھی پورا پورا حق ہے،ستھرا پنجاب کے ورکر گرجا گھرو ںمیں جا کر کرسمس کے پیش نظر مسلسل خدمات سرانجام دے رہے ہیں، دکھ سکھ سانجھے ہیں، ہاتھ سے ہا تھ تھام کر ثابت کریںگے سب ایک ہیں،آپ کو یقین دلانا چاہوں گی جب تک میں وزیراعلیٰ پنجاب ہوں کسی اقلیت کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی ۔