کال سینٹرز جرائم کا گڑھ ، 60 ملین ڈالر کے فراڈ کئے گئے، وزیر داخلہ سندھ
کراچی: (بیورورپورٹ) وزیر داخلہ سندھ نے انکشاف کیا ہے کراچی میں کال سینٹرز جرائم کا گڑھ ،بین الاقوامی سطح پر بڑے پیمانے پر فراڈ کیا جا رہا تھا۔
ضیا الحسن لنجار نے ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی طارق نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا این سی سی آئی اے نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 18 دسمبر کو ڈی ایچ اے فیز 6 میں قائم غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران 15 غیر ملکی ،19 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کیا گیا، 2خواتین بھی شامل ہیں،گرفتار ملزم کال سینٹر کے ذریعے بیرون ملک مقیم افراد کو سرمایہ کاری کے نام پر منافع کا جھانسہ دے کر لوٹتے رہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا ابتدائی تحقیقات کے مطابق تقریباً 60 ملین ڈالر کی ٹرانزیکشنز کے ذریعے فراڈ کیا گیا، لوٹی رقم بٹ کوائن ،امریکی ڈالرز کی صورت میں منتقل کی جاتی تھی، کارروائی کے دوران ملزموں کے قبضے سے 37 کمپیوٹرز، 40 موبائل فونز ، 10 ہزار سے زائد سمز برآمد کی گئیں،کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا نہیں چاہتے دوست ممالک سے تعلقات خراب کریں، 2،3ممالک کی شہریت رکھنے والے غیر قانونی کال سینٹر میں ملوث ہیں،صرف لوگوں کو پکڑنے سے چیزیں ٹھیک نہیں ہوتیں، کیسز کےخلاف زیادہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز نے کہا گرفتاریاں ڈی ایچ اے فیز ون ،6 سے عمل میں آئیں، ادارے میں اندرونی احتساب بھی ہوتا ہے، این سی سی آئی اے کراچی میں اندرونی احتساب کا دائرہ بڑھا رہے ہیں،کرائم کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، غیر ملکی یا ملکی کوئی بھی ملوث پایا جاسکتا ہے،ٹیلی گرام ایپ کے ذریعے لوگوں کےساتھ فراڈ کیا جا رہا تھا۔



















