پنجاب پراپرٹی آنرشپ آرڈیننس رہ گیا تو جاتی امرا بھی آدھے گھنٹے میں خالی کرالیا جائےگا: لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو پنجاب پراپرٹی آنرشپ آرڈیننس پر عملدرآمد سے روک دیا،لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب پراپرٹی آنر شپ آرڈیننس کےخلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عابدہ پروین سمیت سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی،عدالت نے پنجاب پراپرٹی آنرشپ آرڈیننس پر عملدرآمد روک دیا، عدالت نے تمام درخواستوں پر اعتراضات دور کر کے فل بنچ بنانے کی سفارش کردی، عدالت نے پراپرٹی آنر شپ آرڈیننس کے تحت دیے گیے قبضوں کو واپس کردیا،عدالتی حکم پر چیف سیکرٹری پنجاب عدالت کے روبرو پیش ہوئے، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے حکومت کو بتائیے یہ قانون رہ گیا تو جاتی امرا بھی آدھے گھنٹے میں نکل جائے گا،عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا آپ بتائیے ایڈووکیٹ جنرل آئے کیوں نہیں آئے، سرکاری وکیل نے جواب دیا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیمار ہیں اس لیے نہیں آئے، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے میں بھی بیمار ہوں، مجھے بیڈ ریسٹ کہا گیا ہے مگر یہاں بیٹھی ہوں،چیف سیکرٹری صاحب لگتا ہے آپ نے یہ قانون نہیں پڑھا؟ لگتا ہے کچھ لوگوں کی خواہش ہے انہیں تمام اختیارات دےدئیے جائیں، یہ قانون بنا کیوں ہے؟ اس کا مقصد کیا ہے؟،عدالت نے سوال کیا معاملہ سول کورٹ میں زیر سماعت ہو تو ریونیو آفیسر کیسے قبضہ دلا سکتا ہے ؟،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے آپ نے سول سیٹ اپ، سول رائٹس کو ختم کردیا، آپ نے عدالتی سپرمیسی کو ختم کردیا ہے ، آپ کا بس چلتا تو آئین کو بھی معطل کر دیتے، اگر ڈی سی آپ کے گھر کا قبضہ کسی اور کو دے دے تو آپ کے پاس اپیل کا کوئی حق نہیں ہوگا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ کا قانون یہ کہتا ہے ہائیکورٹ معاملے پر اسٹے بھی نہیں کرسکتا، موبائل پر آپ فون کرتے ہیں اور کہتے آجاو¿ ورنہ تمہارا قبضہ چلا گیا، آپ یہاں کھڑے ہیں اور آپ کا گھر جا رہا ہوگا ؟،چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا قانون کے مطابق جس نے شکایت کردی وہی درخواست گزار ہوگا ، کیا یہاں جعلی رجسٹریاں، جعلی دستاویزات نہیں بنتی؟