عمران، بشریٰ کو مسلسل آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے: سہیل آفریدی

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل افریدی نے کہا ہے عمران خان اور بشریٰ کو ناحق قید اور مسلسل آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے،صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا عمران خان اور ان کی اہلیہ کو قید میں سردیوں کا سامان بھی فراہم نہیں کیا جا رہا، عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن چلانا اور بے عزتی کرنا شرمناک اقدام ہے، صوبائی حکومت ناروا اور غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتی ہے، این ایف سی اجلاس میں صوبائی حقوق کےلئے سب کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، سب کمیٹی کی سربراہی صوبائی مشیر خزانہ کریں گے، واجبات کے حوالے سے سفارشات وفاق کو پیش کی جائیں گی، صوبے کے حقوق کےلئے تمام سیاسی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے، ضم اضلاع کےلئے سالانہ 100 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا تھا، 7 سال میں صرف 168 ارب دیے گئے، 532 ارب اب بھی بقایا ہیں، تمام محکمے اپنے بقایاجات کے حوالے سے وفاق کو ہفتہ وار خط ارسال کریں تاکہ ساری چیزیں ریکارڈ پر ہوں،وزیر اعلیٰ نے این ایچ پی اور این ایف سی بقایاجات پر محکمہ خزانہ کو ہر ہفتے وفاق کو خط ارسال کرنے کی ہدایت کردی،دوسری جانبپروٹوکول کی خلاف ورزی پر ڈاکٹر سے وضاحت طلب کرنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایل آر ایچ انتظامیہ سے وضاحت طلب کر لی،سہیل آفریدی نے کہا معاملہ 20 روز پہلے کا ہے اور ہسپتال کے ڈائریکٹر سے کسی قسم کی کارروائی نا کرنے کا کہا تھا،وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پر وضاحت دی ڈاکٹر سے غلط وضاحت طلب کرنے پر میں نے ہسپتال انتظامیہ سے وضاحت طلب کی ہے۔