بلاول کو خوش آمدید، پنجاب آپ کا گھر،ہمیشہ عزت و احترام ملے گا،مریم نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے بلاول کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، پنجاب آپ کا گھر ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے چیئرمین پی پی کےلئے نیک خواہشات اظہار کرتے ہوئے کہاخوبصورت الفاظ پربلاول بھٹو کا شکریہ اداکرتی ہوں،آپ کو پنجاب میں ہمیشہ عزت واحترام ملے گا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ہر شہر کے بیوٹیفکیشن پلان کی تفصیلات و تصویری جائزہ لیا گیا،مریم نواز نے بیوٹیفکیشن پلان فیز ون کی تکمیل کےلئے فروری سے مئی تک کاہدف مقرر کر دیا۔

اجلاس میں ہر ضلع، تحصیل ،شہر کے بیوٹیفکیشن پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیاپنجاب کے 39اضلاع میں 132بیوٹیفکیشن سکیمیں 16ارب 90 کروڑ کی لاگت سے مکمل ہوں گی، 97 بیوٹیفکیشن سکیموں کے ورک آڈر جاری،88 بیوٹیفکیشن پراجیکٹ شروع ہوںگے، لاہور 18، سرگودھا 6، بہاولپور16، گوجرانوالہ میں 12 ،راولپنڈی 17، فیصل آباد 13، ملتان 8 اور ساہیوال میں 24 بیوٹیفکیشن پراجیکٹ مکمل کیے جائیں گے،پراجیکٹ میں قدیمی دروازوں کی بحالی کے کام کو بھی شامل کیا گیا، ہر بازار میں فائبر گلاس ، ٹین سائل کور لگائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہرشہر کے بیوٹیفکیشن پلان میں واٹر فیچر،فوارے، مصنوعی آبشارے شامل ،مرکزی بازاروں میں روڈ کے درمیان خوبصورت گرین بیلٹ بنانے ،تیزی سے بڑھنے والے پودے ، سبزہ شامل ،فٹ پاتھ پر روایتی گرے ٹائلز کی بجائے خوبصورت کلرٹائل لگانے کا حکم دےدیا ،اجلاس میں بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کےلئے ڈیش بورڈ بنانے ،ڈی سی کی طرح اسسٹنٹ کمشنروں کے بھی کے پی آئیز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،کارکردگی مانیٹرنگ کی جائے گی، کھلے مین ہول،ٹوٹی سڑکیں، گندگی، کوڑے کے ڈھیر، ٹوٹی گرین بیلٹ ،خراب (کلر)پینٹ پرذمہ داروں کےخلاف کارروائی ہوگی، شہروں میں تجاوزات نظر آنے پر اسسٹنٹ کمشنر کو وارننگ دی جائیگی۔

مریم نواز نے کہا شہروں کی بیوٹیفکیشن کا عمل جاری رہے گا، ہر ضلع،شہر اور قصبے کو اینڈ ٹو اینڈ(مکمل) بیوٹی فائی کیا جائے گا،کوئی ایک بازار نہیں، شہر کے ہرہرکونے کو صاف ستھرا نظر آنا چاہیے،پورے گوجرانوالہ کو نئی و خوبصورت شکل دی جائے، وزیراعلیٰ نے گجرات شہر کی اپ لفٹنگ کا پلان 3روز میں طلب کر لیااور چکوال کے چھپڑ بازار کا نام تبدیل کرنے کی ہدایت کردی۔