ساہیوال (بےورو رپورٹ)ساہیوال ڈویژن میں سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی تقسیم جاری ہے اور ڈویژن بھر میں اب تک 14277 متاثرین میں 52 کروڑ 42 لاکھ 59 ہزار روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ ساہیوال ڈویژن میں کل 32614 متاثرین کو امدادی رقم تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے۔ یہ بات کمشنر آفس ساہیوال میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت امدادی رقوم کی تقسیم کے عمل کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ متاثرین کو امدادی رقم کی جلد از جلد تقسیم ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امداد کے حصول میں متاثرین کی شکایات کو بھی فوری حل کیا جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز تقسیم کے عمل کی روزانہ مانیٹرنگ کریں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک ضلع ساہیوال کے 2999 متاثرین میں 7 کروڑ 24 لاکھ، ضلع اوکاڑہ کے 6206 متاثرین میں 16 کروڑ 77 لاکھ45 ہزار اور ضلع پاکپتن کے 5072 متاثرین میں 28 کروڑ 41 لاکھ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔
سیلاب متاثرین میں 52 کروڑ 42 لاکھ 59 ہزارتقسیم کئے جاچکے :کمشنر ساہیوال



















