تمام کالعدم تنظیموں کی مانیٹرنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے : آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم ویڈیولنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں آئی جی پنجا ب نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، ملتان سمیت تمام اضلاع میں فوری طور پر سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز شروع کئے جائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کریں۔ سی ٹی ڈی، ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ ادارے تعلیمی اداروں میں موک ایکسرسائز بھی کروائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسکولز و کالجز کے داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے، سکیورٹی گارڈز اور ایمرجنسی انخلا کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے صوبہ سے باہر سے آنے والے تمام افراد کی فوری پروفائلنگ اور ڈیٹا ویریفکیشن کا حکم دیا۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ ٹی ایل پی سمیت تمام کالعدم تنظیموں کی مانیٹرنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے اور دہشت گردوں و شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے ڈور ناکنگ کا عمل مزید تیز کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، کرائم کنٹرول اور منشیات کے خلاف سخت ترین کریک ڈاون پر پنجاب پولیس کی حوصلہ افزائی کو سراہتے ہیں۔ دوسری طرف سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے مختلف محکماتی، انتظامی اور ویلفیئر سے متعلق درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے فوری ریلیف کے احکامات جاری کئے۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے 9 اے ایس آئیز کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔ اس موقع پر انہوں نے ریٹائرڈ اے ایس آئی خادم حسین کی سنیارٹی سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو مناسب ریلیف فراہم کرنے کا حکم دیا گیا۔لیڈی کانسٹیبل نبیلہ عباس کی درخواست پر آر پی او شیخوپورہ کو ہدایات جاری کی گئیں جبکہ شہید انسپکٹر ذوالفقار خان کی بیٹی کی بھرتی سے متعلق درخواست اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی کو بھجوا کر فوری ریلیف کا حکم دیا گیا۔اس کے علاو¿ہ شہید کانسٹیبل دلبر رزاق کے والد کی جانب سے کانسٹیبل عثمان کی سروس بحالی کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے جلد از جلد کارروائی کا حکم دیا۔ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی موقع پر احکامات جاری کئے۔ ملاقات میں پولیس اہلکاروں کے مسائل کے بروقت حل کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔