لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی دارالحکومت لاہور میں شمال مغربی ہواﺅں کے باعث درآمد شدہ آلودگی میں اضافہ ہونے پر پنجاب حکومت نے شہریوں کو بروقت آگاہی فراہم کرنے اور اینٹی سموگ پلان مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام ادارے 24/7 فیلڈ میں متحرک ہیں اور فضائی آلودگی کے سدباب کیلئے سائنسی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں، صنعتی شہروں سے آنے والی آلودگی کی سائنٹفک میپنگ کے ذریعے مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے جبکہ حکومتی اقدامات سے آئندہ دنوں میں واضح بہتری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔محکمہ ماحولیات کے مطابق شمال مغربی ہواﺅں کے باعث آلودگی کی آمد میں اضافہ ضرور ہوا ہے تاہم حکومتی ریگولیشنز میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جا رہی، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کیلئے ڈرون سرویلنس اور گرانڈ ٹیموں کی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر رئیل ٹائم ڈیٹا شیئرنگ، وارننگ سسٹم اور فوری رسپانس یونٹس کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے، سموگ کنٹرول مشینری، واٹر بازرز اور انسپکشن ٹیموں کو بھی لاہور میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔حکومت نے شہریوں خصوصاً حساس افراد کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال بڑھائیں، پانی زیادہ پئیں اور سانس میں تکلیف کی صورت میں فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کریں۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت خطے میں سب سے جامع اینٹی سموگ پلان پر عملدرآمد کر رہی ہے اور عوامی تعاون سے صورتحال مزید بہتر ہو گی۔
اینٹی سموگ پلان مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا: سینئر صوبائی وزیر



















