نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کی منظوری دیدی

گوجرانوالہ،لاہور: (بیورورپورٹ،سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کی منظوری دےدی۔

گوجرانوالہ میں نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، وزیراعلیٰ مریم نواز،وزیر دفاع خواجہ آصف نے خصوصی شرکت کی،خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاماس ٹرانزٹ پراجیکٹ گوجرانوالہ کے لوگوں کا حق ہے جو بہت پہلے مل جانا چا ہیے تھا، گوجرانوالہ کی ترقی وعوام کو سہولت ملنے پر بے حد خوشی ہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہاگوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ عوام کی سہولت کیلئے بننے والا تاریخی پراجیکٹ ہے، ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ ایمن آباد سے گکھڑ تک 30کلومیٹر سے زائد طویل ہوگا،روزانہ 51ہزار سے زائد مسافر مستفید ہوں گے،40الیکٹرک آرٹیکولیٹڈ بسیں چلائی جائےں گی۔

دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام پر خصوصی اجلاس ہوا،ستھرا پنجاب کے ہر پہلو پر تفصیلی بریفنگ ،مزید جدت لانے کےلئے اہم فیصلے کیے گئے، مریم نواز نے ”ویسٹ ٹو ویلیو“پراجیکٹ کےلئے وسط جنوری تک جامع پلان طلب کر لیا، اجلاس میں پہلی مرتبہ اتوار کے روز بھی صفائی کےلئے عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب پروگرام کےلئے الیکٹرک وہیکل متعارف کرانے کا حکم دیا۔

اجلاس میں بتایا گیا پنجاب میں کمرشل ایریاز ، سڑک پر کوڑا کرکٹ پھیلانے والے قانون کی گرفت میں آئیں گے ،جرمانہ بھی ہوگا، کوڑا کرکٹ پھیلانے والا 15 دن کے بعد قانون کی گرفت میں آئے گا،روایتی جھاڑو کی بجائے ستھرا پنجاب کے ہیروزکےلئے جدید میکینکل سوئپر استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا، ستھرا پنجاب کے تحت ہر یونین کونسل میں صفائی کے ہیروز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا صفائی کا اتنا بڑا نظام کسی معجزے سے کم نہیں،شہروں و دیہات کی صفائی کا جامع نظام برسوں پہلے بننا چاہیے تھا، زیرو سے آغاز کیاوقت کےساتھ ساتھ ستھرا پنجاب پراجیکٹ میں بہتری لارہے ہیں، صوبے بھر میں عوام کی طرف سے اچھے کام کا مثبت فیڈ بیک آرہا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر سے بچوں کی جبری مشقت کے خاتمے کےلئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دےدی ،نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب چیئرپرسن ،سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا شریک چیئرمین ہوں گے۔

سکول ایجوکیشن، سرمایہ کاری و کامرس، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر و بیت المال ،ہنرمندی و چھوٹے کاروبار کی ترقی کے صوبائی وزرا ، داخلہ، محنت و افرادی قوت، سکول ایجوکیشن، صنعت و تجارت، سوشل ویلفیئر، سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیور کی وزارتوں کے سیکرٹریز، چیئرمین پی ٹی آئی بی ،ڈی آئی جی پولیس بھی کمیٹی اراکین میں شامل ہیں۔