4نومبر سے عمران آئسولیشن میں،عالمی میڈیا سے تشویشناک خبریں آ رہی ہیں،وزیراعلیٰ کے پی
پشاور:(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے4 نومبر سے بانی پی ٹی آئی کو آئسولیشن میں رکھا گیا ،بین الاقوامی میڈیا سے تشویشناک خبریں آ رہی ہیں،بند کمروں کے فیصلوں سے صوبے کے عوام کو نقصان پہنچا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہااڈیالہ گئے، ملنے نہیں دیا گیا، ہائی کورٹ گئے پھر بھی ملاقات نہ ہو سکی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے احتجاج پھر اڈیالہ جائیں گے،تصادم کی طرف لےجانے کی کوشش ہو رہی ہے،بحیثیت وزیر اعلیٰ ،پارٹی کارکن کام کر رہا ہوں،صوبے کے وزیر اعلیٰ کا نام سٹاپ لسٹ میں ڈالناامتیازی سلوک ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا تیراہ میں میری ذاتی نہیں خاندانی زمین ہے، کارکردگی کے باعث 3مرتبہ حکومت ملی، قبائلی اضلاع کا شیئر و صوبے کے دستیاب وسائل پر کارکردگی دکھائی تب ہی حکومت میں آئے،کارکردگی کاسوال تو وفاقی حکومت سے کرنا چاہیے ، 25 لاکھ سے زائد لوگ پاکستان چھوڑ گئے، کاروباری طبقہ ملک چھوڑ رہا اور پریشان ہے، منگل کو ملاقات نہ کرنے دی گئی تولائحہ عمل بنائیں گے۔
سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی نے کہا دیرپا امن کےلئے خیبرپختونخوا حکومت کی بات ماننا پڑے گی، ملک میں مختلف ادارے ہیں فوج کو انڈیا نہیں ،پاکستان کی سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کابینہ اجلاس ہر جمعے کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا،اعلامیے کے مطابق اہم فیصلوں پر عملدرآمد، محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اجلاس بلایاجائےگا،فیصلہ انتظامی امور کی بروقت منظوری ،عوامی سہولت کے ہر اقدام پر چیک اینڈ بیلنس یقینی بنانے کیلئے کیا گیا۔



















