عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر وزیراعلیٰ کے پی کادھرنا
راولپنڈی،پشاور:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر وزیراعلیٰ کے پی نے اڈیالہ روڈ پر دھرنا دیا۔
سہیل آفریدی عمران خان سے ملنے اڈیالہ روڈ پہنچے ،پولیس کی بھاری نفری نے فیکٹری ناکے پر روک لیا،وزیراعلیٰ کے پی نے کہانفرتیں ،تلخیاں پاکستان کےلئے نقصان دہ ہو سکتی ہیں، 8ویں بار شرافت سے آرہا ہوں،تحریری طور پر بتائیں عدالتی احکامات کیوں نہیں مان رہے؟،زبردستی حالات کو خراب کیا جا رہا ہے، کیوں بار بار عدالتی احکامات نہیں مانے جا رہے، ایک صوبے کےساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، اڑھائی کروڑ عوام کا نمائندہ ہوں،روکنااچھی بات نہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا آرام سے بیٹھ جاتا ہوں، آپ لوگوں کو احتیاط کرنی چاہئے، بار بار پشاور سے اڈیالہ آنا اور جانا کوئی آسان بات نہیں ،تمام قانونی و جمہوری راستے اپنالیے،پنجاب کے عوام نے ووٹ نہ دےکر بانی سے اظہار یکجہتی کیا ،عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر خدشات بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف نے موجودہ حکومت کےخلاف چارج شیٹ پیش کردی، صحافیوں کو چاہیے 5 ہزار 300ارب کی کرپشن پر بات کریں ،پیسہ عام آدمی کے ٹیکس کا پیسہ ہے۔
قبل ازیں انجینئرنگ یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر 5300 ارب کی کرپشن کاالزام لگاتے ہوئے کہاعوامی ٹیکس کے پیسے سے باہر فلیٹ ،جزیرے خریدے جارہے ہیں،نوجوانوں ،سب نے ملکر کرپشن کا حساب لینا ہے۔



















