تاجر تنظیموں کی مدد سے ریکوری کا عمل تیز کیا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی چیچہ وطنی کی ملکیتی دوکانوں کے کرایہ داری معاملات کے بارے میں اجلاس کا انعقاد۔ کمشنر کی نیلام نہ ہونے والی دکانوں کی دوبارہ نیلامی بارے لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو خالد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، اے ڈی سی آر کیپٹن (ر)اسامہ مجید، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد، ایس ڈی ای او پیرا فورس نعمان قیصر اور میونسپل آفیسر فنانس ندیم صفدر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن 977، ضلع کونسل 505 اور میونسپل کمیٹی چیچہ وطنی 1844 دکانوں کی مالک ہے جسے کرایہ داری کی بنیاد پر نیلام کیا گیا ہے تاہم ابھی تک کارپوریشن کی 23، ضلع کونسل کی 109 اور میونسپل کمیٹی چیچہ وطنی کی 10 دکانیں نیلام نہیں ہو سکیں۔ اے ڈی سی آر کیپٹن (ر)اسامہ مجید نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن ساہیوال کے کرایہ داروں کی طرف سے 31 کروڑ 79 لاکھ 7 ہزار روپے سے زائد بقایا جات میں سے صرف ایک کروڑ 93 لاکھ 20 ہزار روپے وصول ہوئے ہیں جبکہ باقی 29 کروڑ 85 لاکھ 86 ہزار روپے واجب الادا رقم کی ریکوری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ ریکوری کے عمل کو تیز کیا جائے اور اس سلسلے میں تاجر تنظیموں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہارٹ سرجری، انجیوگرافی اور انجیو پلاسٹی شروع ہونے پر اطمینان کا اظہار۔انسٹیٹیوٹ میں ٹرینڈ ڈاکٹرز کی کمی اور ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔ ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بارے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کیا جائے۔اجلاس میں پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اختر، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر اور ایم ایس ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر الیاس انجم نے بھی شرکت کی۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اختر نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ میں اب تک 50 انجیوگرافی، 6 انجیو پلاسٹی اور 3 ہارٹ سرجریز ہو چکی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ انجیوگرافی اور ہارٹ سرجری کیلئے ادویات کی خریداری کا عمل جاری ہے جبکہ مزید ٹرینڈ ڈاکٹرز بھی ریکروٹ کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے انسٹیٹیوٹ کو درپیش انتظامی و مالی معاملات بارے بھی تفصیلی بریفنگ لی اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے ہارٹ کے مریضوں کو رجسٹرڈ کرنے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت گھر پر ادویات پہنچانے کا عمل شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔