توانائی شعبے کی تنظیم نو،اداروں کی نجکاری، گورننس میں بہتری پر توجہ ہے، وزیر خزانہ


اسلام آباد :(بیورورپورٹ)وزیرخزانہ اورنگزیب نے کہا ہے توانائی شعبے کی تنظیم نو،اداروں کی نجکاری، گورننس میں بہتری پر توجہ ،حکومت مسابقتی ٹیرف نظام، توانائی شعبے کی پائیداری ، نجی شعبے کی زیادہ شمولیت کےلئے پرعزم ،وفاقی اخراجات کومعقول بنانے پرتوجہ دی جاری ہے، ان خیالات کا اظہار وزیرخزانہ نے پیٹر تھیل اور آورن ہافمین کی قائم کردہ عالمی لیڈر شپ پلیٹ فارم ڈائیلاگ کے اعلیٰ سطح کے وفد سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔

سینیٹر اورنگزیب نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کےساتھ ڈائیلاگ کی مسلسل شمولیت خصوصاً 2024 کے پہلے ڈائیلاگ پاکستان وینٹر کے بعد سے جاری تعاون کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان کے اقتصادی منظرنامے اور سرمایہ کاری کی صلاحیت سے متعلق عالمی سطح پر سمجھ کو بہتر بنانے میں مددملی ،وفاقی وزیر نے گزشتہ 18 ماہ کے دوران پاکستان میں کلی معیشت کے استحکام پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا اہم معاشی اشاریوں میں بہتری کی وجہ سے کریڈٹ ریٹنگ کی تین بین الاقوامی ایجنسیوں فچ ، ایس اینڈ پی اورموڈیز نے پاکستان کی درجہ بندی میں اضافہ کیا،معاشی استحکام کی وجہ سے پاکستان اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے درمیان توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت دوسرا جائزہ کامیابی سے مکمل ہو اورسٹاک سطح کامعاہدہ ہوچکا ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے پروگرام میں بھی پیش رفت ہوئی

وزیر خزانہ نے بہتر ہوتے ہوئے جیوپولیٹیکل حالات، امریکہ ، چین ، سعودی عرب کےساتھ مضبوط ہوتے تعلقات، سی پیک فیز 2.0 کے آغاز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری، برآمدات پر مبنی صنعتی زونز اور مشترکہ منصوبوں پر مرکوز ہے، حکومت ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع اور گہرا کرنے، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت پرمبنی نگرانی کے کے نفاذ، کم ضابطے والے شعبوں جیسے رئیل اسٹیٹ، زراعت اور ہول سیل ریٹیل کو ٹیکس نیٹ میں لانے، ٹیکس کی تعمیل میں بہتری کےلئے اقدامات کر رہی ہے،وزیر خزانہ نے پنشن اصلاحات میں پاکستان کی پیش رفت، نئے ملازمین کے لیے کنٹریبیوٹری اسکیمز کی جانب منتقلی، اور طویل مدتی مالی ذمہ داریوں کے حل کےلئے آئندہ اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔