سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال روکاجائے،پشاور ہائیکورٹ
پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پشاور ہائیکورٹ کابڑ ا فیصلہ، سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال روکنے کا حکم دیدیا۔
خیبر پختونخوا حکومت کےخلاف ریلیوں، جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری مشینری کے استعمال کےخلاف درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورٹ میں ہوئی،درخواست گزارکے مطابق صوبائی حکومت جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل کا استعمال کرتی ہے، فریقین سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری ملازمین اور مشینری کا استعمال کرتے ہیں، احتجاج میں استعمال ہونےوالی صوبائی حکومت کی مشینری اب بھی وفاق کے قبضے میں ہے۔
عدالت نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال روکنے کا حکم دیدیا،عدالتی حکمنامے میں کہا گیا ہے جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری وسائل کا استعمال نہ کیا جائے۔
پشاور ہائیکورٹ کے حکمنامے میں کہا گیا درخواست گزار کے مطابق سرکاری وسائل کا استعمال آرٹیکل 4، 5 اور 25 کےخلاف ہے، سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال قومی خزانے کا ضیاع ہے، ریاست سرکاری اور سیاسی تقریبات میں تفریق کرے، سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کا استعمال اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آتا ہے۔
دوسری جانب وزیرمملکت قانون بیرسٹرعقیل ملک نے کہا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے، خیبرپختونخوا میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا، عدالت نے کہا سرکاری وسائل کے استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عدالت کا اچھا فیصلہ اورخوش آئند ہے، ہم بار بار سرکاری وسائلکے استعمال کی نشاندہی کر چکے تھے،وزیر مملکت قانون نے مزید کہا اگر ہم سکیورٹی انتظامات کرتے تو یہ سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کرتے تھے۔



















