اسلام آباد دھماکے کامقدمہ درج،حملہ آور کو لانے والا رائیڈر گرفتار
اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور،پشاور،کوئٹہ: (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)اسلام آباد دھماکے کامقدمہ درج، شہدا کی میتیں ورثا کے سپرد،حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک لانے والا موٹرسائیکل رائیڈر گرفتار،وکلا کی ہڑتال،عدالتی بائیکاٹ،سیاہ پرچم لہرائے گئے۔
سی ٹی ڈی میں مقدمہ حکومتی مدعیت میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کے مختلف سیکشنز میں درج کیا گیا،ایف آئی آر کے متن میں شہدا ،زخمیوں ،گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات بھی شامل ہیں،قانون نافذ کرنےوالے اداروں نے تحقیقات شروع کر دیں ،جائے وقوعہ سے حاصل شواہد کو فرانزک ٹیموں کے حوالے کر دیا گیا ،علاوہ ازیں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں ورثا کے سپرد کردی گئیں،ذرائع پمز کے مطابق کچہری دھماکے کے 13 زخمی زیر علاج ہیں ،ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ادھرپولیس نے حملہ آور کو جوڈیشل کمپلیکس تک لانے والے موٹرسائیکل رائیڈر کو پکڑلیا،پولیس ذرائع کے مطابق آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر نے حملہ آور کو 200 روپے میں کچہری تک پہنچایا،حملہ آور گولڑہ تک کیسے پہنچا، سیف سٹی کیمروں سے مزید تلاش شروع کر دی گئی۔
دریں اثناملک بھر میں بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ ،ہڑتال کی گئی،بار رومز پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے ، وکلا کے عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر مقدمات موخر کر دیئے گئے۔



















