فیصلے عدالتوں میں نہیں کہیں اور ہوں گے،حافظ نعیم الرحمن
لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے اس سے بڑا المیہ کیا ہوگا اب آئینی عدالت کا چیف جسٹس وزیر اعظم مقرر کریں گے، چیف جسٹس کا عہدہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کردیا گیا،حکومت اپنے مفادات کےلئے آئین کا حلیہ بگاڑ رہی ہے،جماعت اسلامی چھبیسویں ترمیم کے وقت بھی آئین کے ساتھ تھی اور آج بھی ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان عدل لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا آئین کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک میں آئین و قانون کے تحفظ کےلئے ہے اگر متفقہ آئین کو اسی طرح بازیچہِ اطفال بنایا جاتا رہا تو یہ قومی یکجہتی کےلئے خطرناک ہوگا،ملکی سلامتی اور فیڈریشن کی سالمیت کےلئے ضروری ہے آئین کی حفاظت کےلئے قوم متحد ہوجائے، آئین پاکستان کو اصل شکل میں بحال کرا کر رہیں گے، 26 ویں آئینی ترمیم کے وقت بھی ہمارا موقف واضح تھا، اب 27 ویں ترمیم بارے بھی آنیاں جانیاں لگی رہیں لیکن جماعت اسلامی کا موقف وہی ہے جو26ویںترمیم کے وقت تھا۔



















