واسا میں کنٹریکٹرز سے اربوں روپے کی ادائیگی کیلئے کمیشن مقرر کرنے کا انکشاف

لاہور (قمر عباس نقوی) واسا فنانس ڈائر یکٹوریٹ میںانتظامیہ کا اربوں روپے کی ادائیگی کیلئے کنٹریکٹرز سے مبینہ طورپر 50 0. فیصد کمیشن مقرر کرنے کا انکشاف ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات نظرانداز، 48سال کا ریکارڈ تاحال جدید ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہونے کے باعث غیر محفوظ ضائع ہونے کا خدشہ۔تفصیلات کے مطابق واسا لاہور کے فنانس ڈائریکٹوریٹ کا 48سال پرانی ادائیگیوں کا ریکارڈ تاحال مینوئل طریقہ سے محفوظ رکھنے کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے جبکہ ایم ڈی واسا لاہور کی جدو جہد کی وجہ سے محکمہ بین الاقوامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی میں تاریخ رقم کر چکا ہے جبکہ شعبہ فنانس کے ڈائریکٹر کی جانب سے کھربوں روپے کے ترقیاتی و دیگر منصوبہ جات کا ریکارڈ تاحال جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی بجائے پرانے طریقہ کار پر کاربند دکھائی دے رہا ہے۔ اس حوالے سے فنانس ڈائریکٹوریٹ اور ہیڈ آفس میں میں قائم سٹور رومز سے کام چلایا جا رہا ہے جو کہ غیر محفوظ ہے اس سے قیمتی فائلز کی شکل میں ریکارڈ کا ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ اسکے علاوہ فنانس ڈائریکٹوریٹ انتظامیہ کی جانب سے مختلف نوعیت کے منصوبہ جات شامل ہیں اس حوالہ سے کنٹریکٹرز کو آر اینڈ ایم ،ورکس ،سیکورٹی اور دیگر بلز کی ادائیگی کی جارہی ہے۔ اس مد میں مبینہ طور پر متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس کی جانب سے سیکورٹی واپسی پر 80 0. فیصد جبکہ دیگر بلز کی مد میں ڈپٹی ڈائریکٹر 58 0. فیصد جونیئر، سینئرز ا کاﺅنٹنٹس اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز 16 0. فیصد تک کمیشن کی وصولی کا انکشاف کیا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائری کلرکس بھی کمیشن لینے میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر فنانس ٹوٹل موصولی میں سے 0.20 فیصد تک حاصل کر رہے ہیں جو کہ ایم ڈی واسا لاہور کے محکمہ کو کرپشن فری منصوبہ کو ناکام کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ ڈائریکٹر فنانس اطہر محمود سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کرنے کی خاطر ان کے دفتر کا وزٹ کیا ان کی عدم حاضری کے باعث موقف نہیں مل سکا۔ ان سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کال اٹینڈ نہ کی۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹر کو چاہئے کہ اس پر ایم ڈی واسا کو شکایت کریں اگر ایسا ہو رہا ہے تو اس پر ڈائریکٹر فنانس سے تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائیگی کیونکہ جس کنٹریکٹر نے کسی بھی ترقیاتی یا دیگر نوعیت کے منصوبہ پر کام کیا ہے تو اس کو ادائیگی بروقت کرنا فنانس ڈائریکٹوریٹ کی ذمہ داری ہے۔