ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ معیاری تعلیمی ادارے اور محنتی اساتذہ نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بنیادی اہمیت کے حامل ہیں اور ہمیں ایسے تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے جو انتہائی کم فیس میں طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ وہ یہاں ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالجز ساہیوال کے سابقہ طلبہ و طالبات کی تیسری ایلومینائی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں پاکستان اور بیرون ممالک سے سابق طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل اکبر علی، ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ممبران چوہدری سلطان محمود، شیخ بشارت ندیم، مہر اللہ یار خان اور چوہدری ہارون رشید اور برسر کاشف ستار بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے فارغ التحصیل سٹوڈنٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی ادارے اور شہر کی بہتری اور ذہین مگر کم وسائل والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے آگے آئیں اور اپنا سماجی فرض ادا کریں۔ انہوں نے ڈی پی ایس کی شاندار تعلیمی کامیابوں پر پرنسپل اکبر علی اور اساتذہ کی محنت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ انتھک محنت اور توجہ سے اسی اعلی معیار کو برقرار رکھا جائیگا۔ اس سے پہلے پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی نے بتایا کہ کیمبرج سکول کی عمارت تیزی سے مکمل کی جا رہی ہے اور اگلے تعلیمی سال سے اسی عمارت میں کلاسز کا آغاز ہوگا۔ تقریب میں 1986 میں کرائے کی عمارت میں سکول کے قیام سے لے کر اب تک کے تعلیمی سفر پر ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔
معیاری تعلیمی ادارے ، محنتی اساتذہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہم ہیں :کمشنر ساہیوال



















