ساہیوال(بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور سموگ کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ڈویژن بھر میں سرگرمیاں تیز کرنے اور عوام کو آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے انسانی صحت پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اس لئے آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی اداروں، بھٹہ خشت اور فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ماحولیات کے بارے میں ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز شاہد محمود، احمد عثمان جاوید اور آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر عروشہ مقبول سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ انہوں نے عوام میں ماحول کو بہتر بنانے، ماسک پہننے کی ترغیب دینے اور گندگی پھیلانے کی حوصلہ شکنی کرنے بارے آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے بھرپور تعاون کے بغیر صاف ستھرا ماحول ممکن نہیں۔ کمشنر ساہیوال نے دھواں چھوڑنے والے بھٹہ خشت اور گاڑیوں کو بند کرنے کیلئے حکومت کی ہدایات کے مطابق زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات ڈاکٹر عروشہ مقبول نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں اب تک 2 سو بھٹہ خشت کی انسپیکشن کی جا چکی ہے جس میں 25 مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح آلودگی پھیلانے والے 56 صنعتی اداروں کو چیک کر کے 3 مالکان پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے اداروں کو سیل بھی کیا گیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر عمل نہ کرنے والے بھٹہ خشت مالکان کے خلاف مقدمات درج کرانے اور مسلسل خلاف ورزی پر انہیں مسمار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے دھان کی فصل کی باقیات کو جلانے کی حوصلہ شکنی کیلئے محکمہ زراعت کو روزانہ مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لئے این جی اوز کو اس کام میں شامل کرنے کے ہدایت کی تاکہ ان کے ذریعے عوام میں آگاہی فراہم کی جا سکے اور کوڑا وغیرہ جلانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن نے قائداعظم سٹیڈیم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سیلاب بحالی پروگرام 2025 کے تحت متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد محمود سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے سیلاب متاثرین کی ویری فکیشن کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تصدیقی عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ متاثرین کو کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں، متاثرہ خاندانوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کے نقصانات کا مکمل ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک 7,892 افراد اور 765 متاثرہ مکانات کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ بینک آف پنجاب کی جانب سے 2,546 متاثرین کے اکا¶نٹس کھولے جا چکے ہیں تاکہ امدادی رقوم کی بروقت تقسیم ممکن ہو سکے۔
عوام کے بھرپور تعاون کے بغیر صاف ستھرا ماحول ممکن نہیں: کمشنر ساہیوال



















