وزیراعلیٰ مریم نواز کی امریکی سرمایہ کاروں کو شاندار مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت

لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں شاندار مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیدی۔ مریم نواز سے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرس نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری، تجارت، ثقافت اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات میں بہتری خوش آئند ہے، وزیراعظم کا حالیہ دورہ امریکہ باہمی تعلقات میں مزید استحکام کا باعث ہوگا، پاکستان اور امریکہ کے موجودہ تعلقات افق کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کیلئے حکومت پنجاب کے تاریخی پیکیج پر کام شروع ہو چکا ہے، پنجاب میں کلچرل ٹورازم کے فروغ کیلئے قدیمی ثقافتی ورثے کی بحالی اور بہتری کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب سرحد پار سے آنے والی سموگ کے اثرات کو کم از کم سطح پر لانے کیلئے کوشاں ہے۔

امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کا ای بزنس پروجیکٹ قابل تحسین ہے، ای بزنس پروجیکٹ کے باعث سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ امریکی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ پنجاب میں جس طرح اور جس رفتار سے کام ہو رہا ہے، وہ قابل محسوس اور متاثرکن ہے۔