لاہور (اپنے رپورٹر سے) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی شدت برقرار ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور منگل کے روز بھی سرفہرست رہا۔ تفصیلات کے مطابق صبح کے اوقات میں لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس 410 ریکارڈ کیا گیا ۔ لاہور کے علاقے ساندہ روڈ کا ائیر کوالٹی انڈیکس 767، ٹاﺅن شپ کے علاقے کا 758، ماڈل ٹاﺅن کا 574، علامہ اقبال ٹاﺅن کے علاقے کا 511اور گلبرگ تھری کے علاقے کا ائیر کوالٹی انڈیکس 390 ریکارڈ کیا گیا۔فیصل آباد میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 622، ملتان میں 485اور بہاولپور میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 255ریکارڈ کی گئی۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک کے استعمال اور احتیاطی تدابیر کی ہدایت کردی۔فضائی آلودگی کے عالمی ادارے آئی کیو ائیر کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کا دوسرا، ڈھاکہ کا تیسرا جبکہ بھارتی شہر کلکتہ کا چوتھا نمبر رہا۔ائیر کوالٹی انڈیکس میں کراچی 165اے کیو آئی کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا ۔ماہرین کے مطابق کم ہوا کی رفتار اور کم درجہ حرارت کی وجہ سے آلودہ ذرات زمین کے قریب جمع رہیں گے، جس سے دھند اور حدِ نگاہ میں کمی واقع ہو سکتی ہے، رات گئے، صبح سویرے اور شام کے اوقات میں آلودگی کی شدت سب سے زیادہ رہے گی کیونکہ اس دوران درجہ حرارت کم اور ہوا کا بہاﺅ کمزور ہوتا ہے۔شام کے اوقات میں ٹریفک کا دباﺅ، تجارتی سرگرمیاں، سڑکوں کی دھول اور مقامی جلا عمل PM2.5کی مقدار میں اضافے کا سبب بنیں گے۔ماہرین نے واضح کیا ہے کہ مجموعی طور پر پورے دن فضا غیر صحت بخش زمرے میں ہی رہے گی، شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے مریضوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔حکام کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 16مکینیکل واشرز، 50واشر رکشے اینٹی سموگ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔سڑکوں کی واشنگ اور پانی کا چھڑکاﺅ کرنے کیلئے 200صفائی اہلکار دن کی شفٹ میں اور 200ورکرز رات کی شفٹ میں تعینات کئے گئے ہیں، دن اور رات کی شفٹ میں 300کلومیٹر سے زائد شاہراہوں پر واشنگ اور پانی کا چھڑکاﺅ کیا جا رہا ہے۔ای پی اے کی جانب سے جاری کردہ 47شاہراہوں پر دن میں دو بار پانی کا چھڑکا ﺅ کیا جاتا ہے۔جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، نور جہاں روڈ، ایم ایم عالم روڈ، جی ٹی روڈ، بند روڈ، راوی روڈ، شاہدرہ، سگیاں، نظریہ پاکستان روڈ، رائیونڈ روڈ، فیروزپور روڈ سمیت دیگر تمام ہائی ایئر کوالٹی انڈیکس ایریاز میں واشنگ اور پانی کا چھڑکاﺅ جاری ہے۔نائٹ شفٹ میں لاہور کے تمام داخلی خارجی راستوں پر مکینیکل واشنگ اور پانی کا چھڑکاﺅ یقینی جا رہا ہے۔پنجاب کے سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہریوں کا اگر باہر جانا ناگزیر ہو تو حفاظتی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ صحت کے خطرات کو کم کیا جا سکے۔دوسری طرف انسداد سموگ کارروائیوں میں پنجاب پولیس بھی متحرک ہو گئی ہے، 24گھنٹوں میں لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاﺅن کے دوران 14مقدمات درج کرلئے۔ترجمان نے بتایا کہ 115افراد کو 10لاکھ روپے جرمانے عائد کیے، 53افراد کو وارننگ جاری کی گئی، فصلوں کی باقیات جلانے کی 13، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 86خلاف ورزیاں ہوئیں، صنعتی سرگرمیوں کی 5، اینٹوں کے بھٹوں کی 10خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاﺅن کے دوران 1642مقدمات درج ، 1571قانون شکن گرفتار کیے گئے، 60ہزار 275افراد کو 15کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد ، 15806افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔فصلوں کی باقیات جلانے کی 500، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی 55763خلاف ورزیاں ہوئیں، صنعتی سرگرمیوں کی 1599، اینٹوں کے بھٹوں کی 3185خلاف ورزیاں رپورٹ کی گئیں۔
پنجاب میں سموگ کا راج،سڑکوں کی واشنگ ، چھڑکاﺅ



















